غریب کا حق نہیں چھیننے دونگا: عثمان بزدار، سرور کیلئے کروڑوں کا خصوصی پیکج، 13آبی ذخیرے بنانے کا اعلان
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے سخی سرور میں ارکان اسمبلی، پی ٹی آئی عہدیداروں، کارکنوں، معززین، عمائدین اور دیگر وفود نے ملاقاتیں کی۔ قبائلی عمائدین سے ''حال احوال'' کیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے معززین علاقہ سے بلوچی اور سرائیکی میں خطاب کیا اور سخی سرور کے لئے خصوصی ڈویلپمنٹ پیکیج کا اعلان کیا۔ بلوچستان سے آنے والے رودکوہی کے پانی کو محفوظ کرنے کے لئے 13 دروں پر آبی ذخیرے بنا نے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہچھوٹے ڈیموں کی تعمیر کے لئے فزیبلٹی رپورٹ کے لئے125 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ کوہ سلیمان میں مرحلہ وار 4 انٹر میڈیٹ ڈیمز بنیں گے ، پہلے ڈیم پر جون میں کام شروع ہو گا- سخی سرور ہسپتال کو 11 کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت سے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے ۔ ایمرجنسی میں تمام ترطبی سہولیات فراہم کریں گے -بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیویز میں بھرتیوں کی منظوری دے دی ہے -علاقے میں نئے تھانے بنائیں گے اور پولیس کو نئی گاڑیاں بھی دیں گے- وزیر اعلی عثمان بزدار نے قبائلیوں اور پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کو پنجاب پولیس میں بھرتی کے لئے قانون کے مطابق رعایت دینے اور ہارڈ ایریا کے اساتذہ کی مقامی سکولوں میں بھرتی کیلئے تعلیمی قابلیت میں رعایت کا اعلان کیا- وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ کیڈٹ کالج فورٹ منرو کی تکمیل پرایک ارب روپے خرچ ہوں گے - وزیر اعلی عثمان بزدار نے فورٹ منرو کو ٹورسٹ ریزارٹ بنانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ دربار سخی سرور کی تعمیر و توسیع اور تزئین وآرائش کی جائے گی۔پناہ گاہ اور لنگر خانے کا باقاعدہ آغازکر دیا گیا ہے -انہوں نے رونگھن تا سخی سرور روڈ سے منسلک تمام قبائلی علاقوں کو بجلی کی سہولت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی علاقوں میں بجلی کی سہولت مہیا کریں گے-سخی سرور، رونگھن اور بارتھی سمیت کوہ سلیمان کے علاقوں میں بجلی کے منصوبے 17 کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے -قبائلی علاقوں کو بلوچستان کے سرحدی علاقوں کو سڑکوں کے ذریعے ملایا جائیگا-سخی سرور، رونگھن ، بارتھی اور تمن قیصرانی سے بلوچستان تک سڑک کی تعمیر جلد شروع ہو گی-بیواٹے سے کھرڑ بزدار تک سڑک کی تعمیر کیلئے وفاق سے رابطے میں ہیں -فورٹ منرو تا کھرڑ بزدار تک سڑک بننے سے علاقے کے عوام کو آسانی ہو گی -سخی سرور میں 4 کروڑ روپے کی لاگت سے ریسکیو1122 سنٹر بنایا جائے گا-کوہ سلیمان کے لئے 4 ایمبولینسیں فراہم کریں گے -ڈیرہ غازی خان کے دور دراز علاقوں کے لئے لائیوسٹاک موبائل کلینک اور ڈسپنسریاں بھی قائم کریں گے-وزیر اعلی عثمان بزدار نے فورٹ منروواٹر سپلائی سکیم کے لئے ساڑھے 5 کروڑ روپے کے فنڈ منظور کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ سخی سرور سمیت ڈیرہ غازی کے ہر شہری کو یونیورسل ہیلتھ کیئر کے تحت مفت علاج کی سہولت فراہم کریں گے -تحریک انصاف کی پنجاب میں پہلی حکومت ہے کہ جو انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتی- ہم صوبے کی حقیقی ترقی پر توجہ دے رہے ہیں -غریب کا حق کسی کو کھانے نہیں دوں گا-عوام کو جو بھی مسئلہ ہو گا حل کرنے کے لئے کوشاں رہوں گا-پنجاب کے ہر شہری کی خدمت میرا نصب العین ہیے ڈیرہ غازی خان اور کوہ سلیمان میرا گھر ہے، آپ سے ملنے آتا رہوں گا۔ پنجاب میں چھوٹے اور انٹرمیڈیٹ ڈیمز کی تعمیر کے لئے محکمہ آبپاشی اور نیسپاک کے درمیان معاہدہ طے پا گیا- ڈیرہ غازی خان کے علاقے سخی سرور میں محکمہ آبپاشی پنجاب حکومت اور نیسپاک کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار مہمان خصوصی تھے- واٹر اینڈ ایگریکلچر نیسپاک کے سربراہ تجمل شاہ اور پنجاب بیراجز کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اعجاز کاشف نے معاہدے پر دستخط کیے- معاہدے کے تحت 13 ہل ٹورنٹس پر چھوٹے اور انٹرمیڈیٹ ڈیمز بنانے کے لئے فیزیبلٹی سٹڈی کی جائے گی۔ وزیر اعلی ٰعثمان بزدار نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی قسمت بدلنے آیا ہوں اور قسمت بدل کر دکھاؤں گا- پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار دور دراز علاقوں میں ترقی کا سفر پہنچا ہے - یہ سفر رکے گا نہیں بلکہ مزید تیز ہو گا - وزیر اعلی عثمان بزدار نے آج ڈیرہ غازی خان میں زیر تعمیر انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور سردار فتح محمد بزدار انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے تعمیراتی کا موں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آج ڈیرہ غازی خان کے علاقے سخی سرور کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حضرت سید احمد سلطان سخی سرور کے مزار پر حاضری دی اور مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے آج ڈیرہ غازی خان میں ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ کریم کھوسہ کی سربراہی میں پاکستان تحریک انصاف ویمن ونگ کی اراکین نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر اور حضرت سید عطا اللہ شاہ بخاری مرحوم کے صاحبزادے سید عطاء المہیمن بخاری کے انتقال پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی وزیر ملک نعمان لنگڑیال کے والد ملک اقبال لنگڑیال کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔