• news

شیخوپورہ‘ فیروزوالا‘ ننکانہ‘ کاہنہ میں لینڈ مافیا کیخلاف آپریشن‘ اربوں کی اراضی واگزار

لاہور‘ شیخوپورہ‘ فیروزوالا‘ ننکانہ صاحب‘ فیصل آباد (نامہ نگار+ علاقائی نمائندوں سے)  کاہنہ کے علاقے میں سرکاری اراضی ہتھیانے والے قبضہ مافیا کیخلاف بڑی کارروائی کے دوران لاہور پولیس نے اربوں روپے مالیت کی 200 کنال سرکاری زمین واگزار کروا لی۔ پولیس کارروائی کے ڈر سے دہشت اور خوف کی علامت سمجھا جانے والا بدمعاش بوٹا فرار ہو گیا۔ قبضہ مافیا کو سابق ادوار میں سیاسی جماعت کی آشیرباد حاصل رہی۔ علاوہ ازیں لاہور پولیس کی جانب سے دیگر اداروں کے ہمراہ اندرون شہر قبضہ مافیا کی طرف سے ناجائز تعمیرات کے خلاف کامیاب ایکشن کرتے ہوئے کشمیری گیٹ کے علاقہ میں غیر قانونی زیر تعمیر کثیر المنزلہ پلازہ سر بمہر کر دیا گیا۔ سی سی پی او  نے بتایا کہ والڈ سٹی اتھارٹی کی 2کنال اراضی اور غیر قانونی سٹرکچر کی مجموعی مالیت 3 ارب روپے سے زائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلازہ بدنام زمانہ طیفی بٹ قبضہ گروپ نے ناجائز تجاوزات کے طور پر غیر قانونی تعمیر کیا۔ شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ضلع شیخوپورہ کی پانچوں تحصیلوں میں سرکاری اراضی پر قابض قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی جاری رہی دوسرے روز 27کروڑ 73لاکھ روپے مالیت کی 684کنال سرکاری اراضی واگزار کر وا لی گئی جس میں تحصیل شیخوپورہ سے 200کنال، فیروزوالہ سے60کنال، مریدکے سے 192کنال، صفدر آباد سے 216شرقپور سے16کنال اراضی با اثر افراد سے واگزار کر وائی گئی۔ فیروز والا سے نامہ نگار کے مطابق کوٹ پنڈی داس کے علاقوں میں آپریشن کر کے 9 کروڑ روپے مالیت کی 10 ایکڑ سے زائد کی زرعی اراضی قبضہ گروپ سے واگزار کروا لی گئی ہے۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد کی زیر نگرانی اسسٹنٹ کمشنر شاہکوٹ صباء سحر کا تحصیل شاہکوٹ میں قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن، کروڑوں روپے کی مالیت کی 575کنال زرعی اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کروائی گئی۔ دریں اثناء ماموں کانجن اور گڑھ قانونگوئی میں ساڑھے 18 کروڑ مالیت کی 979 کنال سرکاری اراضی واگزار کرا لی گئی۔ شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق محکمہ مال کی طرف سے ایل ڈی اے کو غیرقانونی ہاؤسنگ کالونیوں کے خلاف موثر اقدامات کرنے اور عوام کو اربوں روپے کے فراڈ سے بچانے کے لیے محض محکمہ مال کے ریکارڈ میں غیر قانونی کالونیوں کے اندراج کو ناکافی قرار دے دیا گیا ہے۔ قابل اعتماد ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے کے حکام نے حال ہی میں شیخوپورہ قصور ننکانہ صاحب اور لاہور میں درجنوں ایسی پرائیویٹ ہاؤسنگ کالونیوں کو غیرقانونی قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جو سرکاری واجبات اور نقشوں کی منظوری کے بغیر بنائی گئی ہیں۔ ایل ڈی اے کے حکام نے محکمہ مال کے افسروں کو ہدایت کی تھی کہ ان کالونیوں کی زمینوں کا اندراج محکمہ مال کے ریکارڈ میں کر کے ان کے پلاٹوں کی خریدو فروخت پر فوری طور پر پابندی لگا دی جائے جن میں شیخوپورہ کی  3 کالونیاں بھی شامل ہیں جہاں پر سادہ لوح شہری مجموعی طور پر اربوں روپے کے پلاٹ خرید چکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن