• news

اوپن بیلٹ کی مخالفت کر کے پی ڈی ایم نے تاجرانہ ذہنیت آشکار کر دی: فردوس عاشق

لاہور‘ سیالکوٹ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) عوام کے مسترد کردہ کرپٹ سیاسی عناصر انفرادی طور پر بھی ناکام تھے اب نام نہاد پی ڈی ایم میں اجتماعی طور پر بھی ناکام ہی رہیں گے۔ اوپن بیلٹ آرڈیننس کی مخالفت کر کے سینٹ الیکشن میں پی ڈی ایم نے اپنی تاجرانہ ذہنیت قوم پر آشکار کر دی ہے اور اب پاکستانیوں کے سامنے ان کا ذاتی مفاد کا ایجنڈا مکمل طور پر ایکسپوز ہو جائے گا۔ ووٹوں کی منڈی لگانے والوں کو ایک بار پھر مایوسی کا سامنا کرنا پڑیگا۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو جنوری میں گھر بھیجنے کی بھڑکیں مارنے والی جعلی راجکماری خواب میں بھی عمران خان کے نام سے ہڑ بڑانے لگتی ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار صوبہ بھر میں یکساں ترقی کے کیلئے پرعزم ہیں اور حکومت صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی۔دریں اثناء معاون خصوصی نے سیالکوٹ میں سکول میں داخلہ مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا، سکول طالبات، بوائز سکاؤٹس نے سلامی پیش کی۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول سیالکوٹ کینٹ میں آمد پر طالبات نے بینڈ کی دھن پر ان کا والہانہ استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی اور سکول کی ننھی طالبات اور بوائز اسکاؤٹ نے ڈاکٹر فردوس کو سلامی پیش کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن