وزیراعلیٰ خیبر پی کے کا این ٹی ایس پیپرز لیک ہونے کا نوٹس‘ نتائج روک دیئے
پشاور (اے پی پی) وزیراعلی خیبر پی کے نے اساتذہ کی بھرتی کے لئے این ٹی ایس پیپرز لیک ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے پراونشل انسپکشن ٹیم کو معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔ وزیراعلی سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری مراسلہ میں بتایا گیا ہے کہ پراونشل انسپکشن ٹیم معاملے کی تمام پہلوئوں سے تحقیقات کر کے سات دنوں میں واضح سفارشات پیش کرے گی۔ وزیراعلی کا کہنا ہے کہ میرٹ کی بالادستی اور شفافیت صوبائی حکومت کی سب سے اہم ترجیح ہے۔ معاملے کی تمام پہلوئوں سے تحقیقات کی جائیں گی۔ واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ صوبہ بھر میں ٹیسٹس کے نتائج روک دیئے گئے ہیں۔ دریں اثناء صوبائی وزیر تعلیم شہرام ترکئی نے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلی تعلیم کامران بنگش کے ہمراہ اطلاع سیل سول پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع پر این ٹی ایس کے پی ایس ٹی پیپر لیکج پر وزیر اعلی محمود خان کی ہدایت پر انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ایٹا میں ریفارمز لانے اور اسکی استعداد کار مزید بڑھانے کیلئے کیبنٹ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جبکہ تعلیمی بورڈ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ بھرتیاں ان دونوں اداروں سے کروائی جائے انہوں نے کہاکہ حکومت نے اپنی طرف سے بھرپور کوشش کی تھی امتحانی ہالوں کے قریب دفعہ 144 نافذ کیا تھا۔ صوبے میں ساڑھے تین لاکھ امیدواروں نے پی ایس ٹی ٹیسٹ دیا تھا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کسی کی حق تلفی نہیں ہوگی اور حقدار کو انکا جائز حق ضرور ملے گا۔