سرکاری ملازمین کے ساتھ اکثر معاملات پر بات طے ہو گئی ،وفاقی وزراء
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہماری سرکاری ملازمین کے ساتھ اکثر معاملات پر بات طے ہو گئی ہے ،سرکاری ملازمین کے ساتھ صوبائی بھی آئے تھے اور ان کی خواہش تھی کہ ان کا فیصلہ بھی ہم کریں آج منگل کو شام چار بجے دوبارہ مذاکرات ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سرکاری ملازمین کے نمائندوں سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری و فاقی حکومت کے گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کے ساتھ ملاقات ہوئی ۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہماری اکثر معاملات پر بات طے ہو گئی ہے۔ سرکاری ملازمین کے ہمراہ صوبائی ملازمین کے وفود بھی آئے تھے ۔ صوبائی ملازمین کی خواہش تھی کہ انکا فیصلہ بھی ہم کریں اس حوالے سے فیصلہ کی پوزیشن میں نہ تھے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اس موقع پر کہا کہ مرکز کے ملازمین کے تمام امور طے ہیں ۔ ہم کل(منگل کو ) 4 بجے پھر مذاکرات کریں گے ۔ مذاکرات نہیں ہونگے کل ہم وفاق کا اپنا اعلان کردیں گے ۔ شیخ رشیدنے اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پی ڈی ایم اگر قانون ہاتھ میں لے گی تو قانون حرکت میں آئے گا۔ اس موقع پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں وکلاء کی ہنگامہ آرائی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا میں اس پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔