دہشتگردوں نے بلوچستان میں رحیم یار خان کے 3مزدور قتل کردیئے
صادق آباد‘ رحیم یار خان (خبر نگار‘ کرائم رپورٹر) بلوچستان میں رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے مزدور دہشت گردی کا نشانہ بن گئے۔ ضلع قلات کے علاقہ منگوچر میں بورنگ پر کام کرنے والے مزدوروں پر نامعلوم دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ جاں بحق ہونے والے تین مزدوروں کا تعلق رحیم یارخان کی تحصیل صادق آباد سے ہے۔ میتوں کو کارروائی کے بعد آبائی علاقہ بھیج دیا گیا۔ اطلاع پر مزدوروں کے گھروں میں صف ماتم بچھ گئی۔ میتوں کی آبائی علاقہ منتقلی کے بعد تدفین کی جائے گی۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقہ منگوچر میں رحیم یارخان کے نواحی چکوک 197/pاور212/pکے رہائشی شاہنواز‘ قاسم اور طوطا رام جوکہ روزگار کے سلسلہ میں ضلع قلات کے علاقہ منگوچر میں بورنگ کے کام پر مزدوری کرتے تھے‘ نشانہ بنایا گیا۔ گزشتہ روز معمول کے مطابق بورنگ کے کام میں مصروف تھے کہ اسی دوران نامعلوم دہشت گردوں نے ان کام کرنے والے مزدوروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں تین مزدور ہلاک ہو گئے۔ جبکہ اسی علاقہ سے تعلق رکھنے والے سنیل اور علی رضا شدید زخمی ہوگئے۔ ہسپتال میں انکی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔