• news

شہباز حمزہ کے ریمانڈ میں توسیع لندن کی عدالت میں سازش بے نقاب ہوگئی اپوزیشن لیڈر

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24فروری تک توسیع کر دی۔ جیل حکام نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو سخت سکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا۔ سماعت کے آغاز پر سینئر وکیل کی عدم موجودگی پر ایسوسی ایٹ وکیل نے کہا کہ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز ساڑھے 10 بجے تک آئیں گے۔ عدالت نے کہا کہ ہم گواہ کا بیان شروع کرتے ہیں۔ امجد صاحب کے آنے پر جرح کر لیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ میرے وکیل کا انتظار کر لیں۔ فاضل عدالت نے کہا کہ مطابق وکیل کی موجودگی بیان کے وقت ضروری نہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ میرے وکیل کو آ لینے دیں، مجھے تو قانونی بات سمجھ نہیں آئے گی۔ فاضل عدالت نے گواہ کا بیان ریکارڈ کرنا شروع کر دیا۔ بعدازاں عدالت نے گواہ غلام مصطفی اور سعید احمد کو طلب کرتے ہوئے سماعت 24فروری تک ملتوی کر دی۔ لیگی رہنما اور کارکنان بھی قیاد ت سے اظہار یکجہتی کے عدالت پہنچے اور نعرے لگاتے رہے۔ احتساب عدالت میں پیشی کے بعد واپس جاتے ہوئے میڈیا سے مختصر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے ہتک عزت دعویٰ کیس پر لندن کی عدالت میں سماعت کے بارے میں کہا یہ اللہ کا کرم ہے، یہ میری نہیں پاکستان کی عزت ہے۔ میرے خلاف جو سازش کی گئی وہ بے نقاب ہو گئی۔

ای پیپر-دی نیشن