مولانا‘ اسی اسمبلی میں آپکے بیٹے کی سیٹ حلال‘ مخالفین کی حرام: شبلی فراز
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مولانا صاحب اسی قومی اسمبلی میں آپ کے فرزند ارجمند بھی براجمان ہیں۔ ان کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مولانا فضل الرحمن کے بیان پر اپنے رد عمل میں کہا کہ آپ کے بیٹے کی سیٹ حلال اور سیاسی مخالفین کی حرام، ایسے سیاسی فتووں سے آپ کی نیت اور دوہرا معیار عیاں ہوتا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ڈی ایم کی ہر ڈیڈ لائن ڈیڈ ہوچکی ہے۔ سچ بولیں کہ استعفے نہ دینے کی ندامت پر مٹی ڈالنے کے لئے ’’کرپشن بچائو‘‘ مارچ کی تاریخ کا اعلان کیاگیا۔ کرپشن کی سیاست کو پاکستان کے عوام نے مسترد کردیا ہے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ بغض عمران میں یہ لاکھ جتن کرلیں عوام ان کی کسی تحریک کے ساتھ نہیں اور نہ ہوں گے۔