بجٹ تک وفاقی ملازمین کو 4 ماہ کا ریلیف دینے کیلئے تیار ہیں: وفاقی وزراء
اسلاآباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزراء نے کہا ہے کہ وفاقی ملازمین کو 4 ماہ کا ریلیف دینے کیلئے تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزاء پرویز خٹک، شیخ رشید احمد اور وزیر مملکت علی محمد خان نے منسٹر انکلیو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ ہم چار ماہ سے ان ملازمین کیساتھ رابطے میں ہیں۔ کابینہ نے ہم تینوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کا مطالبہ ہے کہ بیسک پے پر 40 فیصد دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کل تک ایک سے 16 گریڈ تک کیلئے بات ہوئی تھی۔ کل اچانک 22گریڈ تک کے ملازمین کی تنخواہوان میں اضافے کا مطالبہ کردیا گیا۔ اس پر حساب کتاب جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور خزانے کے حالات کو دیکھتے ہوئے بجٹ تک ہم وفاقی ملازمین کو 4 ماہ کا ریلیف دینے کیلئے تیار ہیں۔ سرکاری ملازمین کو حکومت اپنی طرف سے سپیشل الاؤنس کے ذریعے جون تک ریلیف دینا چاہتی ہے لیکن یہ اپنی مرضی کا چاہتے ہیں تو جون تک انتظار کر لیں پے کمشن کا نتیجہ آجائے تو پھر سب کیلئے فیصلہ ہوجائے گا۔ ہمارے پاس صوبائی حکومتوں کے اختیار نہیں تاہم ہم انہیں ہدایات دے دیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اگر اس میں سیاسی پارٹیاں ملوث ہوں گی اور اسے سیاست کا رنگ دیں گی تو سرکاری ملازمین نقصان میں رہیں گے۔ انہوںنے کہا کہ ایک سے 16 گریڈ کی تنخواہیں بڑھانے کیلئے جب کہیں گے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا اپوزیشن جماعتوں کے مارچ کے اعلان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ 26 مارچ کیلئے عمران خان کی ہدایت ہے کہ کوئی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک والے قابل عزت ہیں، ابھی تک تحریک لبیک والوں سے کوئی بات نہیں ہوئی۔ ان ملازمین کے پیچھے ان کے افسران بھی ہیں جو اچھی بات ہے۔ افسران کی بھی تنخواہ بڑھنی چاہیے۔ ملازمین کے ہمراہ بات چیت کیلئے ان کے صوبوں میں جا سکتے ہیں۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا کہنا تھا کہ سارے مظاہرین ہمارے بھائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے معاملات حل ہوچکے ہیں اور اب صرف پرسینٹیج پر بات ہے۔ باقی بجٹ آنے پر حل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ حدود ہیں ان کا ملازمین کو خیال رکھنا چاہیے۔