پی ڈی ایم چوری بچائو موومنٹ،بات کرنے کو تیار مگر وہ این آر او مانگیں گے: عمران
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ویڈیو سامنے آنے سے ثابت ہوا کہ سینٹ الیکشن میں پیسہ چلتا ہے۔ سینٹ الیکشن 2018ء میں کہا تھا ارکان کی قیمتیں لگ رہی ہیں۔ تنخواہ دار طبقے کو سب سے زیادہ مہنگائی کا نقصان ہوتا ہے۔ جانتا ہوں تنخواہ دار طبقے پر مشکل وقت گزر رہا ہے۔ تنخواہیں بڑھائیں گے تو قرضے مزید بڑھ جائیں گے۔ تحریک لبیک کے ساتھ معاہدے کو پارلیمان میں پیش کیا جائیگا۔ لانگ مارچ کرنا چاہتے ہیں تو کریں نہیں روکیں گے۔ تحریک انصاف نے 4 بار مینار پاکستان کو بھرا۔ ملک مشکل وقت سے گزر رہا ہے ملازمین میں تھوڑا صبر کر لیں۔ پی ڈی ایم چوروں کا ٹولہ ہے۔ یہ ڈیموکریٹک موومنٹ نہیں چوری بچائو موومنٹ ہے۔ اٹھارویں ترمیم میں کی گئی چیزوں کو سمجھنے میں وقت لگ رہا ہے۔ گستاخانہ خاکوں پر جتنا سٹینڈ ہم نے لیا کسی حکومت نے نہیں لیا۔ اپوزیشن سے بات کرنے کو تیار ہوں لیکن انہوں نے این آر او مانگنا ہے۔ وزیراعظم کی چوری سے ملک تباہ ہوتے ہیں۔ جن ممالک میں کرپشن نہیں ہوئی انہوں نے ترقی کی۔ میں نے کہا تھا جس نے ملک لوٹا اسے نہیں چھوڑوں گا۔وزیرِاعظم نے گورنر سٹیٹ بنک اور چئیرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ کم آمدنی والے افراد کو قرضوں کی فراہمی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے اور اس عمل میں کسی بھی پیش آنے والی رکاوٹ کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے۔ وزیرِاعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ لاہور شہر کے مسائل حل کرنے اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔