• news

نواز شریف کا فضل الرحمان کو فون، لانگ مارچ کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد/ کراچی (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ )  مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو ٹیلیفون کر کے حکومت مخالف لانگ مارچ کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ذرائع کے مطابق دوران گفتگو ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال  بالعموم اور پی ڈی ایم کی حکومت مخالف تحریک کے تمام پہلوئوں اور تجاویز  پر بالخصوص تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں قائدین نے سینٹ انتخابات کے حوالے سے منظر عام پر آنے والی ویڈیو کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس  امر بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایک مربوط حکمت عملی کے تحت سینٹ الیکشن میں مل کر حصہ لیا جائے گا۔ مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ کے قائد کو بتایا کہ اپوزیشن کو چور کہنے والوں کی اپنی بغل سے کرپٹ اور چور برآمد ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین آصف علی زرداری اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان رابطے میں اپوزیشن کے لانگ مارچ اور سینٹ انتخاب میں پی ڈی ایم کے امیدواروں کی کامیابی کی بھرپور کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن