شیخوپورہ: بغیر نقشہ تعمیرات‘ 4 ارب کا نقصان‘ 2 بلڈنگ انسپکٹر فارغ
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ چوہدری محمد اصغر جوئیہ نے میونسپل کارپوریشن شیخوپورہ کو نقشوں کے بغیر تعمیرات کروا کر 4 ارب روپے کا نقصان پہنچانے میں ملوث 2 بلڈنگ انسپکٹروں محمد نعیم یونس اور حبیب الرحمن کو نوکری سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ذرائع کے مطابق چند ماہ قبل شہر اور اس کے نواحی علاقوں کا سروے کرنے پر انکشاف ہوا ہے متعدد فیکٹریوں پلازوں نجی ہسپتالوں پرائیویٹ تعلیمی اداروں شاپنگ سنٹروں پرتعیش کوٹھیوں مارکیٹوں دوکانوں سمیت 720 سے زیادہ ایسی بلڈنگز تعمیر ہوچکی ہیں جن کے مالکان نے افسروں کی ملی بھگت سے سرکاری واجبات ادا کیئے بغیر اور نقشوں کی منظوری کے بغیر ہی عمارتیں بنا لی ہیں۔ انکوائری کمیٹی میں انکشاف ہواسابقہ ادوار حکومت میں کروڑوں روپے کی کرپشن ہوئی ہے جس پر میونسپل کارپوریشن چیئرمینوں اور افسروں کے اثاثوں کی تحقیقات کا معاملہ قومی احتساب بیورو کے سپرد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیاجبکہ جعلی پرائیویٹ ہاؤسنگ کالونیوں کے خلاف بھی بلا تاخیر کارروائی کے لیے اجازت مانگ لی گئی ہے۔