افغانستان: 2 دھماکے،فضائی حملے، 2 شہری، 2 گروپ کمانڈروں سمیت 27جنگجو ہلاک
کابل+ جلال آباد+ لشکر گاہ (نیٹ نیوز+ شنہوا) افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں 2 دھماکوں میں 2 شہری ہلاک اور 5شہری زخمی ہوگئے جبکہ صوبہ ہلمند میں افغان فضائیہ کی کارروائیوں میں 2 کمانڈروں سمیت 27 جنگجو مارے گئے۔ مقامی عہدیداروں نے بتایا کہ گزشتہ روز صوبے کے کامہ ضلع میں ایک گاڑی کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا جس میں ایک شہری ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ دوسرا دھماکہ ضلع بحسود میں سڑک کے کنارے نصب باوردی مواد پھٹنے سے وہاں سے گزرنے والے شہری دھماکے کی زد میں آکر مارے گئے جس میں ایک شہری ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوگئے۔ ادھر صوبے ہلمند کے کچھ علاقوں میں طالبان کی خفیہ پناہ گاہوں اور ٹھکانوں پر جنگی طیاروں کے حملوں کے نتیجے میں 27 جنگجو مارے گئے۔ فوج نے ایک بیان میں کہا کہ نوا، نہرسراج اور گرمسیر اضلاع کے کچھ حصوں میں فضائی حملوں کے نتیجے میں حنظلہ اور برکات نامی 2 گروپ کمانڈروں سمیت 27 جنگجو ہلاک اور 3 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ ابھی تک طالبان سمیت کسی بھی گروپ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔