کثیر الملکی بحری مشق کا آغاز، شریک ممالک کو مشترکہ خوشحالی کیلئے مزید قریب لائے گی: نیول چیف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) کثیرالملکی بحری مشق امن2021 کی پرچم کشائی کی باوقار اور رنگا رنگ تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی جس کے بعد مشق امن21- کی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔ پرچم کشائی کی تقریب میں شرکاء کی کثیر تعداد بشمول مشق میں حصہ لینے والے ممالک کے اعلیٰ عسکری نمائندگان، مندوبین، سفراء اور پاک بحریہ کے افسران و جوانوں نے شرکت کی۔ مشق کی افتتاحی تقریب کے دوران شریک اقوام کے پرچم بیک وقت لہرائے گئے۔ تقریب کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ اپنے پیغام میں امیر البحر نے امن مشقوں کے سلسلے کی ساتویں مشق امن 21-کے شرکاء کا پرجوش خیر مقدم کیا۔ سربراہ پاک بحریہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ مشق نہ صرف میری ٹائم سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے نظریاتی ہم آہنگی کا وسیلہ ہے بلکہ مشق میں شریک مختلف ٹیکنالوجیز کی حامل بحری افواج کے درمیان مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بھی ہے تاکہ یہ افواج متحد ہو کر پائیدار میری ٹائم ماحول کو یقینی بنائیں۔ امیر البحر نے عالمی ذمہ داریاں نبھانے کے ساتھ ساتھ بحر ہند میں قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول اقدام کا ذکر بھی کیا۔ ایڈمرل نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ مشق کے دوران پیدا ہونے والی ہم آہنگی میں مسلسل اضافہ ہو گا اور یہ مشق مشترکہ کاوشوں کے ذریعے علاقائی امن اور مشترکہ خوشحالی کے مقاصد کے حصول کے لیے ہمیں مزید قریب لائے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر پاکستان فلیٹ، ریئر ایڈمرل نوید اشرف نے مشق کے اغراض و مقاصد کے حصول کے لیے مشق میں شریک تمام ممالک کے تعاون پر زور دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ مشق سب کے لیے باہمی طور پر نتیجہ خیز ثابت ہوگی۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے بحری امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم کی حمایت کرتے ہوئے مشق میں حصہ لینے والے ممالک کی شرکت کو سراہا۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے کہا کہ دنیا کے مختلف خطوں کے ممالک کے پرچموں کا ایک ساتھ لہرانا مشق کے نصب العین ’’امن کے لیے متحد‘‘ کی عملی عکاسی کرتا ہے۔ یہ مشق امن مشقوں کے سلسلے کی ساتویں مشق ہے جو 11تا 16فروری منعقد ہو رہی ہے۔ یہ مشق پاک بحریہ کی بڑی سرگرمیوں میں سے ایک ہے جو ہر دو سال بعد منعقد کی جاتی ہے۔ اس مشق کا مقصد علاقائی اور غیر علاقائی بحری افواج کے ساتھ مل کر سمندروں کو مثبت انسانی سرگرمیوں کے لیے محفوظ بنا نا ہے۔ رواں برس امن مشق میں لگ بھگ 45 ممالک اپنے بحری جہازوں، ایئر کرافٹس، سپیشل آپریشن فورسز اور کثیر تعداد میں مندوبین کے ساتھ شریک ہو رہے ہیں۔ علاوہ ازیں، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز پاک بحریہ کے زیر انتظام 13تا 15فروری 2021عالمی میری ٹائم کانفرنس بھی منعقد ہو رہی ہے۔ انٹرنیشنل میری ٹائم کانفرنس میں محفوظ اور مستحکم سمندری ماحول میں بلو اکانومی کا فروغ مغربی بحر ہند کا مشترکہ مستقبل کے عنوان پر شہرت یافتہ قومی اور بین الاقوامی سکالرز اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔