• news

سینٹ امیدواروں کی سکروٹنی کیلئے کم وقت دیا،پیپلزپارٹی،شیڈول نہیں بدل سکتے، الیکشن کمشن

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی نے سینیٹ الیکشن شیڈول پرایک خط کے ذریعے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے صرف دو روز دیئے گئے۔ امیدواروں کی جانچ پڑتال، بینک اکاؤنٹس سمیت دیگر امور دو روز میں کیسے طے کئے جا سکتے ہیں؟ دوسری جانب الیکشن کمشن نے شیڈول میں تبدیلی اور وقت  بڑھانے سے معذرت کرلی۔پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے پارٹی قیادت اور رہنماؤں سے مشاورت کے بعد الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا کہ پی پی جیسی وفاقی جماعت کے لیے اتنے کم وقت میں امیدواروں کی فہرست کو حتمی شکل دینا مشکل ہے۔ امیدواروں کے انٹرویو ،سکروٹنی ودیگر عوامل شامل ہے جس کیلئے پارلیمانی بورڈ کو وقت درکار ہے۔ خط میں کہا گیا کہ تمام امیدوار پارٹی قیادت اور پارلیمانی بورڈ کے سامنے کیس رکھنے کے خواہاں ہیں۔   خط کے جواب میں الیکشن کمشن نے نیئر بخاری سے رابطہ کیا اور کہاکہ شیڈول جاری کرنے کے بعد اس میں تبدیلی مشکل ہوگی تاہم ممکنہ مشکلات کی صورت میں پیپلزپارٹی سے تعاون کیا جائیگا۔ نیئربخاری نے خط کاتحریری جواب دینے کا مطالبہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن