• news

پاکستان، جنوبی افریقہ کی ٹیمیںآج دوسرے ٹی ٹونٹی میں آمنے سامنے آئینگی

لاہور (حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آج دوسرے ٹونٹی ٹونٹی میچ میں آمنے سامنے آئیں گی۔ پاکستان نے پہلے میچ میں مہمان ٹیم کو تین رنز سے شکست دی تھی۔ گذشتہ روز دونوں ٹیموں نے آرام کیا۔ پہلے میچ کے بعد گراؤنڈ میں کسی قسم کی کوئی سرگرمی نہیں رکھی گئی تھی البتہ ہوٹل میں پاکستانی کوچز نے کھلاڑیوں کے ساتھ انفرادی سیشنز کیے۔ جبکہ دوسرے میچ کے حوالے سے ہیڈ کوچ کی سربراہی میں ٹیم میٹنگ بھی ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ٹیم میٹنگ میں وننگ کامبی نیشن کو برقرار رکھنے پر بات کی گئی ہے جبکہ پہلے میچ میں فاسٹ باؤلرز کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے وقار یونس نے حارث رؤف اور شاہین آفریدی سے الگ الگ بات چیت کی۔ بیٹنگ کوچ یونس خان نے بھی بلے بازوں کے ساتھ بات چیت کی۔ پاکستان کی طرف سے پہلے میچ میں سینچری سکور کرنے والے محمد رضوان بہتر کارکردگی کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم ٹونٹی ٹونٹی میچوں میں بہترین کھلاڑیوں کے بغیر شرکت کر رہی ہے۔ تین ٹونٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ آج جب کہ تیسرا اور آخری میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔ پہلے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ دیگر بلے باز بھی بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن