پنجاب:گندم کی امدادی قیمت میں 150روپے من اضافے کا فیصلہ
لاہور(نیوزرپورٹر)پنجاب میں گندم کی امدادی قیمت بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ گندم کی قیمت 1650 سے بڑھا کر 1800 روپے فی من کی جارہی ہے ۔اس بارے میں سٹیک ہولڈرز سے بھی مشورہ کر لیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور کے موقع پر اجلاس میں گندم کی نئی مدادی قیمت بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا جس کی باقاعدہ منظوری وزیر اعظم نے دی ۔ وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہاکہ پنجاب میں گندم کی فی من قیمت1650روپے سے بڑھا کر1800روپے کرنے کا فیصلہ کسانوں کیلئے خوش آئند ثابت ہوگا اور اس اقدام کا مکمل کریڈٹ وزیراعظم کو جاتا ہے۔ٍ اس حوالے سے خصوصی گفتگو میںعبدالعلیم خان نے بتایا کہ پنجاب میں گندم کی قیمت بڑھانے کیلئے وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق سٹیک ہولڈرز کے ساتھ تفصیلی صلاح مشورہ کیا گیا اور تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے گندم کی قیمت میں 150روپے فی من اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ آئندہ فصل میں کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہو سکے۔