• news

پنجاب کو سیاحت کا مرکز بنائینگے مقامی حکومتوں کے انتخابات جلد ہونگے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بہاولپور کے علاقے چولستان کا دورہ کیا اورچولستان میں ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے ریزارٹ گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بہاولپور کیلئے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ چولستان ڈیزرٹ ریلی 2021کی تقریب میں شرکت کی۔ ٹی ڈی سی پی چولستان ڈیزرٹ ریزارٹ کا افتتاح کیا۔ سیاحتی ڈبل ڈیکر بس سروس کا افتتاح کیا۔ عثمان بزدار نے بہاولپور کے مختلف مقامات کی سیر کیلئے ڈبل ڈیکر بس سروس کا باقاعدہ آغاز کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈبل ڈیکر بس کا معائنہ کیا اور 300 روپے پہلی ٹکٹ وزیراعلیٰ نے خریدی۔ عثمان بزدار نے سول ہسپتال بہاولپور کے نام کی تبدیلی کا اعلان کیا اور سول ہسپتال بہاولپور کو نواب سر صادق محمد خان عباسی سے منسوب کیا۔عثمان بزدار نے کہا کہ سیاحت میرے دل کے بہت قریب ہے۔ کروناکے باعث سیاحتی سرگرمیاں ماندرہیں۔ صورتحال میں بہتری آنے پر سیاحتی سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں۔ بہاولپور کے عوام سے کیاگیاایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے ۔بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کو رعایت دی جائے گی۔ ماڑی سے چولستان تک پنجاب کو ٹورسٹ حب بنائیں گے۔ پنجاب میں سیاحت کو فروغ دینے کا بہت پوٹینشل ہے اور پنجاب سیاحت کے حوالے سے مثالی صوبہ بنے گا۔ ڈبل ڈیکر بسوں کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بھی بڑھائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ ہے۔ جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے مختص بجٹ کسی اور مقصد کیلئے استعمال نہیں ہو سکتا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں سیکرٹریز تعینات کر دیئے گئے جو مکمل با اختیارہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری ہے جلد اپنی منزل تک پہنچیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دل وش سٹیڈیم میں چولستان ڈیزرٹ ریلی 2021کی تقریب میں شرکت کی۔ پیرا گلائیڈرز نے سٹیج کے قریب نچلی پرواز کرتے ہوئے سلامی دی۔ عثمان بزدار نے فوڈ کورٹ اور مقامی دستکاریوں کے سٹالز کا دورہ کیا اور سٹالز پر رکھی اشیاء میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کو وسائل کی کوئی کمی نہیں۔ٹی ڈی سی پی کو جتنے وسائل چاہئیں، میں دینے کیلئے تیار ہوں۔چولستان میں واٹر سپلائی کیلئے 200 ملین روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ چولستان میں مقامی اساتذہ کو بھرتی میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔ پنجاب کے ہر علاقے میں جا رہا ہوں اور تمام منصوبوں اور عوامی مسائل کا خود جائزہ لیتا ہوں۔ سینٹ کے الیکشن کیلئے امیدوارو ںکا اعلان ہو چکا ہے اور انشاء اللہ سینٹ الیکشن میں کامیابی حاصل کریں گے۔ لوکل گورنمنٹ کے الیکشن کا آرڈیننس جاری ہو چکا ہے اور چاہتے ہیں کہ اختیارات جلد نچلی سطح پر منتقل ہوں۔ پنجاب میں مقامی حکومتوں کے انتخابات جلد ہوں گے۔ ریڈیو کے عالمی دن پر پیغام میںعثمان بزدار نے کہا ہے کہ ریڈیو ابلاغ عامہ کا بہترین اور موثر ذریعہ ہے۔ الیکٹرانک و سوشل میڈیا کی تیزی سے ترقی کے باوجود ریڈیو کی اہمیت اب بھی مسلمہ ہے اور بلاشبہ ریڈیو مستند انفارمیشن کا اہم ترین ذریعہ ہے۔ وقت کے ساتھ ریڈیو میں بھی جدت آئی ہے۔عثمان بزدار نے چولستان جاتے ہوئے بورے والا شہر کا فضائی جائزہ لیا۔ بورے والا وہاڑی روڈ پر چنوں موڑ سبزی منڈی کے قریب ٹریفک جام ہونے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ہیلی کاپٹر سے انتظامی پولیس حکام سے رابطہ کیا۔ عثمان بزدار نے چیئرنگ کراس دھماکے کے شہداء کی چوتھی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں شہید ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن (ر) سید احمد مبین، شہید ایس ایس پی آپریشن لاہور زاہد گوندل اور دیگر پولیس اہلکاروں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن