• news

78 امیدواروں کے کاغذات جمع:تاریخ میں کل تک توسیع

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن کے مطابق سینٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری یا ملک بھر سے 78 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔ پی ٹی آئی بلوچستان کے احتجاج پر تحریک انصاف  نے نامزد امیدوار عبد القادر سے ٹکٹ واپس لے کر ظہور آغا کو دیدیا،پی ٹی آئی نے  20امیدواری کی فہرست جاری کر دی،   پنجاب سے 15 سندھ 20، خیبر پی کے سے 24، بلوچستان سے 15 اور اسلام آباد سے چار امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے۔ کاغذات نامزدگی 15 فروری تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔ سینٹ انتخابات تین مارچ کو شیڈول ہیں، جنرل نشستوں پر اب تک 43 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ٹیکنو کریٹ نشستوں پر 14 امیدواروں کے کاغذات موصول ہوئے۔ خواتین کی نشستوں پر 16 اقلیتی نشستوں پر 5 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ الیکشن کمشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 15 فروری تک بڑھا دی گئی ہے، نامزد امیدواروں کی فہرست 16 فروری کو جاری ہوگی، کاغذات کی جانچ پڑتال 17 تا 18 فروری کو ہوگی، کاغذات پر اپیلیں 20 فروری تک دائر ہوسکیں گی، 23 فروری تک تمام اپیلوں کو نمٹا دیا جائیگا جبکہ 24 فروری کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی، 25 فروری تک امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ الیکشن کمشن کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ پولنگ 3 مارچ کو ہی ہوگی، امیدواروں سہولیت کیلئے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔علاوہ ازیںسیاسی پارٹیاں اپنے اپنے مضبوط امیدوار میدان میں لے آئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں شبلی فراز اور ثانیہ نشتر نے پشاور جبکہ وزیر خزانہ حفیظ شیخ سینیٹ انتخابات کیلئے اسلام آباد میں واقع الیکشن کمشن آفس میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے پہنچے، میاں حماد اظہر، اعظم سواتی، راجا خرم نواز اور کارکنان بھی حفیظ شیخ کے ہمراہ تھے۔ پاکستان تحریک انصاف کی فوزیہ ارشد نے کاغذات نامزدگی اسلام آباد اور زرقا تیمور نے لاہور میں جمع کرائے۔ لاہور میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے امیدوار سینیٹر پرویز رشید بھی کاغذات نامزدگی جمع کرانے پہنچے، سینیٹر مشاہد اللہ خان کے کاغذات ان کے صاحبزادے اصفان خان نے جبکہ اعظم نذیر تارڑ نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔ جماعت اسلامی پاکستان اورعوامی نیشنل پارٹی نے خیبر پی کے سے سینٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا۔ جماعت اسلامی نے سینٹ انتخابات کے لیے جنرل نشست پر سابق رکن قومی اسمبلی مولانا ڈاکٹر عطا الرحمن جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر سابق ضلع نائب ناظم پشاور ڈاکٹر محمد اقبال خلیل کو نامزد کیا ہے۔ خواتین کی مخصوص نشست پر جماعت اسلامی نے سابق رکن قومی اسمبلی عنایت بیگم کو نامزد کیا ہے جبکہ اقلیتوں کی نشست پر جاوید گل کو نامزد کیا گیا ہے۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سینٹ الیکشن میں متفقہ امیدواریوسف رضا گیلانی نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔  الیکشن کمشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کبھی ہارس ٹریڈنگ پر یقین نہیں کیا، پیسے نہیں تعلقات کی بنیاد پر الیکشن لڑتے ہیں، ہم آئین اور قانون پر یقین رکھتے ہیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ نون شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت اگر اوپن بیلٹ کے ذریعہ انتخاب کرانا چاہتی ہے تو پہلے پارلیمان سے اس کی منظوری لے ۔پی ٹی آئی بلوچستان کے عہدیداروں نے کہا تھا کہ عبدالقادر کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں عبدالقادر کو ٹکٹ دینا پارٹی منشور کے خلاف ہے عبدالقادر نیب زدہ اور شہباز شریف کے کاروباری ساتھی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف نے چاروں صوبوں اور اسلام آباد سے سینٹ الیکشن کیلئے20 پارٹی امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی جس کے مطابق پنجاب کے ریجن شمالی پنجاب سے سیف اللہ خان نیازی، وسطی پنجاب سے اعجاز چوہدری، جنوبی پنجاب سے عون عباس بپی، ٹیکنو کریٹ کیلئے بیرسٹر علی ظفر اورخواتین نشست پر ڈاکٹر زرقا تیمور سہروردی، خیبر پی کے  سے جنرل نشست پر شبلی فراز، محسن عزیز، ذیشان خانزادہ، فیصل سلیم اور نجی اللہ خٹک، ٹیکنوکریٹ نشست کیلئے دوست محمد محسود اور ڈاکٹر ہمایوں محمد، خواتین نشست پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور فلک ناز چترالی، اقلیتی نشست پر گردیپ سنگھ، بلوچستان سے عبدالقادر، سندھ سے فیصل واوڈا اورسیف اللہ ابڑو، اسلام آباد سے جنرل سیٹ پر ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور خواتین کی نشست پر فوزیہ ارشدکو پارٹی ٹکٹ دیئے گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے سینٹ امیدواروں میں جنرل نشست پر جام مہتاب ڈہر‘ تاج حیدر‘ سلیم مانڈوی والا‘ شہادت اعوان اور شیری رحمان نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر فاروق ایچ نائیک‘ ڈاکٹر کریم خواجہ اور شہادت اعوان نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے اور خواتین کی نشست پر پلوشہ خان اور رخسانہ شاہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔  متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے سینٹ کے ہونے والے انتخابات سے ٹیکنو کریٹ کی نشستوں پر سید خضر علی زیدی اور محمد عبدالرؤف صدیقی نے کاغذات نامزدگی داخل کئے ہیں جبکہ جرنل نشستوں پر فیصل علی سبزواری‘ ڈاکٹر ظفر کمالی‘ خواجہ سہیل منصور ‘ محمد عبدالرؤف صدیقی‘ عبدالقادر خانزادہ نے کاغذات نامزدگی داخل کئے ہیں جبکہ خواتین کی مخصوص نشستوں پر خالدہ اطیب نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن