وزیراعلیٰ سندھ کا بیان ہارس ٹریڈنگ کا اعتراف سپریم کورٹ نوٹس لے: فواد چودھری‘ حلیم عادل
اسلام آباد‘ کراچی (نیوز رپورٹر + اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی دوسری جماعتوں کے ارکان خرید کر ہی سینٹ انتخابات میں سندھ سے 10 نشستیں جیت سکتی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں فواد چودھری نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کہہ رہے ہیں کہ سندھ سے10 نشستیں جیتیں گے۔ یہ تب ہی ممکن ہے جب آپ دوسری جماعتوں کے ممبران خریدیں۔ سپریم کورٹ اس بیان کو ریکارڈ کا حصہ بنائے۔ دریں اثناء کراچی سے اے پی پی کے مطابق قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے مراد علی شاہ کا سندھ سے سینٹ کی 10 سیٹیں نکالنے کا دعویٰ‘ ہارس ٹریڈنگ کا اعتراف ہے۔ انہوں نے اعترافی بیان پر سپریم کورٹ سے ان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔