• news

وفاق کراچی کیلئے آئینی ذمہ داری سے زیادہ کردار ادا کر رہا ہے: اسد عمر 

کراچی (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ کراچی کے لئے مختلف منصوبوں پرکام ہورہاہے،کراچی پورٹ سے فریٹ کوریڈورکیلئے کنسلٹنٹ کام کر رہاہے،کے فور منصوبے کی تکمیل کیلئے بھی وفاقی حکومت کوشاں ہے۔اتوار کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ کراچی کیلئے فائرٹینڈرز اہم ضرورت ہیں۔ کراچی میں جولائی، اگست میں گرین لائن بس چلنے لگے گی۔ اسد عمر نے کہا کہ اورنگی اور گجر نالے کی ڈیزائننگ کر لی گئی ہے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کراچی کے لیے ایسے متعدد منصوبے ہیں جن پر وفاق اپنی آئینی ذمہ داری سے بڑھ کر اخلاقی ذمہ داری ادا کررہا ہے۔ فائر ٹینڈرز کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے حوالے سے کرنے کے لیے کراچی میں گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان میں براہ راست ٹیکسز کی مد میں 40 فیصد جبکہ سندھ کا 90 فیصد سے زائد ریونیو کراچی سے اکٹھا ہوتا ہے اور پھر کراچی کی یہ حالات انتہائی افسوسناک بات ہے۔ اسد عمر نے مزید کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے محمود آباد نالے پر عملی کام کا آغاز کردیا ہے جبکہ اورنگی اور دیگر نالوں پر بھی تجاوزات ہٹانے کے بعد کام شروع ہوجائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن