تلاش آپریشن جاری‘ مارشل آرٹس ماہر راشد نے عالمی ریکارڈ سدپارہ کے نام کر دیئے
سکردو (نوائے وقت رپورٹ) کے ٹو ورچوئل اینڈ فزیکل بیس کیمپ کے معاونین نے پریس ریلیز میں کہا ہے کہ کے ٹو پر کوہ پیمائی کی تاریخ کا غیر معمولی سرچ آپریشن جاری ہے۔ سٹیلائٹ تصاویر کے ذریعے ممکنہ مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ سرچ آپریشن میں ایف 16طیارے سے فوٹو گرافک سروے کیا گیا۔ سینتھیٹک آپرچر ریڈار ٹیکنالوجی کے ذریعے بھی معلومات لی گئیں۔ اس ٹیکنالوجی سے بیلسینگ بیگ اور ٹیسٹ کی نشاندہی ہوئی۔ دریں اثناء پاکستانی مارشل آرٹس ایکسپرٹ محمد راشد نسیم نے دو عالمی ریکارڈ قائم کر کے قومی ہیرو کوہ پیماہ علی سد پارہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے نام کر دیئے ہیں۔ محمد راشد نسیم نے پہلے ریکارڈ میں نن چکس کی مدد سے بوتل کے درمیان سے تاش کا پتہ نکالنا تھا، راشد نسیم نے ایک منٹ میں 19 تاش کے پتے نکالنے کا کارنامہ انجام دیا۔ اس سے پہلے ریکارڈ چین کے ژی ڈیشینگ کے پاس تھا۔ انہوں نے بوتل کے درمیان سے 14 تاش کے پتے نکالے تھے۔