کوٹ رادھا کشن: عطائی کے غلط انجکشن سے 4 سالہ بچی جاں بحق‘ لواحقین کا مظاہرہ
کوٹ رادھا کشن (نمائندہ نوائے وقت) نجی ہسپتال میں عطائی کے غلط انجیکشن لگانے سے ہنستی کھلتی بچی خالق حقیقی سے جا ملی۔ والدین غم سے نڈھال۔ انصاف کے لئے دہائیاں۔ تفصیلات کے مطابق مقامی نجی ہسپتال کوٹ رادھا کشن میں عاقب نامی شخص اپنی پھول جیسی4 سالہ بچی عمیمہ کو لے کر گیا اس وقت بچی کو ہلکی سی کھانسی اور پیٹ درد کی شکایت تھی وہاں پر موجود نرس اور ایک عطائی نے بچی کو انجکشن لگا دئیے جس کے لگتے ہی بچی کی حالت غیر ہو گئی۔ اس نے تڑپ تڑپ کر جان دے دی۔ بچی کے عزیز اقربا نے شہر کے مرکزی نہر والے پل پر بچی نعش رکھ کر ہسپتال انتظامیہ کے خلاف شدید مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ ہسپتال کو سیل کر کے بچی کے قاتلوں کو سخت سزا دی جائے تاکہ انہیں انصاف مل سکے۔