بھارت بحر ہند کو ایٹمی ہتھیاروں سے لیس کررہا ہے: شاہ محمود
اسلام آباد+کراچی (سٹاف رپورٹر+نیوز رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت بحرہند کو ایٹمی ہتھیاروں سے لیس کررہا ہے اور جارحانہ عزائم کے تحت ہتھیاروں کے جدید نظام اور بحری تنصیبات کی منتقلی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ کراچی میں عالمی بحری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔ پاک بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک بحریہ کی سرپرستی میں کثیرالملکی بحری مشق امن21- کے دوران نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز کے زیر انتظام ہونے والی سہ روزہ عالمی میری ٹائم کانفرنس کراچی میں اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس کا موضوع ’’ایک محفوظ اور پائیدار ماحول میں بحری اقتصادیات کی ترقی: بحر ہند کے مغربی خطے کے لیے ایک مشترکہ مستقبل‘‘ تھا۔ وزیر خارجہ نے کہا ان پیش رفتوں کی روشنی میں پاکستان اپنی سلامتی اور قابل اعتماد کم سے کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔ سی پیک کو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے حقیقی معنوں میں گیم چینجر مانا گیا ہے۔ وزیر خارجہ نے ملک میں میری ٹائم آگہی کے فروغ، بحری اقتصادیات کی ترقی کے لیے اٹھائے جالے والے پاک بحریہ کے اقدامات کی تعریف کی۔ انتہا پسند ہندوتوا سوچ کے زیراثر بھارت کے جنگی جنون اور جارحانہ پالیسیز نے عالمی وعلاقائی امن وسلامتی کے لئے فوری اور دائمی خطرات لاحق کررکھے ہیں۔ تسلط پسندانہ عزائم کے نتیجے میں بھارت نے بحرہند کو جوہری خطرات سے دوچار کیا ہوا ہے اور بحری جنگی سامان حرب میں جدید جنگی نظام اور جوہری مواد لے جانے والے ہتھیار نصب کررہا ہے۔ عالمی برادری کو اس حقیقت کو محسوس کرنا ہوگا کہ جنوبی ایشیا میں کسی قسم کا فوجی تنازعہ خطے کو عدم استحکام سے دوچار کردے گا۔ گوادر بندرگارہ ایک سٹرٹیجک اہمیت کے حامل مقام پر واقع ہے جو آبنائے ہرمز اور شمالی بحرعرب کے سنگم پر ہے۔ گوادر بندرگارہ علاقائی مرکز اور ٹرانس شپمنٹ بندرگاہ کے طورپر استعمال ہونے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ گوادر بندرگاہ کاروبار کے نئے امکانات پیش کرتی ہے۔ قبل ازیں، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اختتامی خطاب کے دوران تمام مقررین، پینل ممبران اور مشق کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے دور درازسے سفر کرکے یا آن لائن کانفرنس میں شرکت کی اور کانفرنس کی افادیت میں اضافہ کیا۔ انہوں نے علاقائی یکجائی، وسیع پیمانے پر ترقی اور عالمی اشتراک کے لیے بحر ہند کے مغربی خطے کے پوٹینشل اور امکانات پر زور دیا۔ کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر نیول چیف نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز کو مبارک باد دی۔ اختتامی لمحات میں ڈائریکٹر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز رئیر ایڈمرل عبدالعلیم کی جانب سے ڈائریکٹر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز کراچی، کموڈور (ریٹائرڈ) علی عباس نے کانفرنس کی کارروائی کا خلاصہ بیان کیا اور سفارشات پیش کیں۔ دریں اثناء وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی مصری ہم منصب سانح شکری کی خصوصی دعوت پر آج مصر کے تین روزہ دورے پر رورانہ ہو رہے ہیں۔