کرونا: مزید26 اموات، وزیر تعلیم پنجاب مراد راس متاثربزرگ شہریوں کو ویکسین کیلئے رجسٹریشن شروع
اسلام آباد+ لاہور ( وقائع نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ + سٹاف رپورٹر) پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید 1048 مریض رپورٹ جبکہ مزید 26 افراد انتقال کرگئے۔ مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 64 ہزار 77 ہوگئی جبکہ اموات 12 ہزار 333 تک پہنچ گئیں۔ مزید 910 صحتیاب، تعداد 5 لاکھ 25 ہزار997 ہوگئی، فعال کیسز 25 ہزار 747 رہ گئے۔ صوبہ سندھ میں 251 کیسز کا اضافہ، مزید 7 مریض انتقال کر گئے۔ صوبہ پنجاب میں 435 نئے کیسز، مزید 14 مریض لقمہ اجل بنے۔ صوبہ خیبرپی کے میں مزید 212 افراد متاثر، 4 مریضوں کا انتقال ہوا۔ بلوچستان میں 13 کیسز رپورٹ، اموات 199 پر برقرار ہیں۔ اسلام آباد میں 98 کیسز کی تصدیق، مزید ایک مریض کا انتقال ہوا، آزاد کشمیر میں مزید 39 متاثر، اموات 281 پر برقرار ہیں۔ گلگت بلتستان میں کوئی نیا مریض نہیں آیا، کوئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی، تعداد 102 پر برقرار ہے۔ اسلام آباد کے 680 فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز ویکسین لگ چکے۔ سی ڈی اے ہسپتال کے 30 ہیلتھ ورکرزکو ویکسین لگ چکی ہے۔پمز ہسپتال کے 272 ہیلتھ ورکرزکو ویکسین لگ چکے۔ پولی کلینک ہسپتال کے 41 ہیلتھ ورکرزکو ویکسین لگ چکے۔ آر ایچ سی بھارہ کہو کے 31 ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگ چکے۔ آر ایچ سی ترلائی 300 ہیلتھ ورکرزکو ویکسین لگ چکے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 65 سال اور زائد عمر کے بزرگ شہریوں کیلئے انسداد کرونا ویکسین کی رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا۔ پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ 65 سال اور اس سے زائد عمر کے شہری رجسٹریشن کرا سکتے ہیں، بزرگ شہری رجسٹریشن کیلئے شناختی کارڈ نمبر 1166 پر بھیجیں، 65 سال اور زیادہ عمر کے شہریوں کو ویکسین مارچ سے لگنا شروع ہوگی۔ پنجاب بھر کی یونیورسٹیز اور کالجز میں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں ہائیر ایجوکیشن کی رپورٹ کے مطابق جامعات اور کالجز کے 48 سٹاف اور سٹوڈنٹس میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ یونیورسٹیز کے 30 سٹاف اور 5 سٹوڈنٹ کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔ صوبہ بھر کے گورنمنٹ اور پرائیویٹ کالجز کے 15 سٹاف اور 8 سٹوڈنٹس میں بھی وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں رینڈم سیمپلنگ جاری ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس کرونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے دو روز قبل کرونا ٹیسٹ کروایا تھا۔ روسی کمپنی اے جی پی لیمٹڈ نے کہا ہے کہ ویکسین سپوتنک کی فراہمی کیلئے پاکستان میں کسی کمرشل لیب سے معاہدہ نہیں ہوا۔ نجی لیبارٹری کے حکام کا سپوتنک ویکسین سے متعلق دعویٰ غلط ہے۔ پاکستان میں سپوتنک ویکسین آنے میں ایک ہفتہ لگ جائے گا۔ لاطینی امریکی ملک پیرو میں ویکسین سکینڈل وسعت اختیار کرتا جا رہا ہے اور اب ملکی وزیر خارجہ بھی مستعفی ہو گئی ہیں۔ فیصل آباد میں کرونا سے مزید تین افراد جاں بحق‘ نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں۔