• news

سخت تربیت، تیاری کا اعلی معیار ہی امن کی ضمانت: جنرل باجوہ

اسلام آباد+کراچی (سٹاف رپورٹر+نیوز رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ زمانہ امن کے دوران سخت تربیت اور  تیاری کا اعلی ترین معیار ہی امن کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز صحرائے تھر میں چھور کے قریب تربیتی علاقے کا دورہ کیا۔ یہاں انہوں نے تربیتی مشقیں دیکھیں جن میں فیلڈ فارمیشنوں کی آپریشنل استعداد کو حقیقی جنگ کے قریب تر ماحول میں جانچا جا رہا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے مشقوں میں شریک فوجی دستوں کے تربیتی معیار کو سراہا۔ انہوں نے فارمیشنوں کی آپریشنل تیاری اور جنگی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ فوجی مشقیں جدارالحدید انفنٹری اور مشینی دستوں کی دفاعی انداز میں مربوط نقل و حرکت پر مبنی ہیں۔ فیلڈ میں آرمی چیف کی آمد پر  ایکسرسائز کمانڈر نے مشقوں کے اغراض و مقاصد اور میدان جنگ میں مکمل برتری کیلئے بروئے کار لائے گئے طریقوں کے بارے میں مفصل بریفنگ دی۔ فوجی دستے سخت جنگی ماحول میں دو ہفتوں سے ان مشقوں میں مصروف ہیں جو 28 فروری   کو مکمل ہوں گی۔ آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے ان کا استقبال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن