پنجاب کی بیٹی ہوں، حکومت آٹا، چینی چور، مسلم لیگ اقتدار میں آئی تو سب ٹھیک ہوگا: مریم نواز
وزیرآباد+سوہدرہ+ گوجرانوالہ+ لاہور (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) مریم نواز نے وزیر آباد میں انتخابی جلسہ سے خطاب میں کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سوا کوئی اور جماعت ہے جس نے وزیر آباد کی خدمت کی ہو؟۔ پی ٹی آئی کا امیدوار ووٹ مانگے تو ایک کروڑ نوکریوں کا پوچھنا۔ ایک کروڑ نوکریوں کا اعلان کیا گیا ایک نوکری بھی ملی کسی کو؟۔ 50 لاکھ گھروں کا اعلان کیا گیا کیا کسی ایک کو گھر ملا؟۔ پی ٹی آئی امیدوار سے کہنا کہ اب کون سا نیا وعدہ کرو گے؟۔ پی ٹی آئی امیدوار ووٹ مانگنے آئے تو بجلی ‘ گیس کا بل دکھانا اور تھما دینا اور کہنا یہ لو اپنا ووٹ۔ مریم نواز نے کہا کہ کہا گیا مریم نواز پنجاب کارڈ کھیل رہی ہے۔ آٹا‘ چینی اور گھر عوام کی پہنچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ آٹے کا خالی کنستر بجا کر پی ٹی آئی کے امیدوار کو دکھانا۔ پنجاب کی بیٹی ہوں پنجاب کے لوگوں کی بات کیوں نہیں کروں گی۔ سندھ جاتی ہوں‘ تو سندھ کی بات کرتی ہوں ۔ بلوچستان جاتی ہوں تو بلوچستان کی بات کرتی ہوں۔ جہاں پنجاب کی چینی‘ آٹا مہنگے ہونے کی بات آئے گی تو پنجابیوں کے ساتھ کھڑی ہوں گی۔ یہ پنجاب کی کہانی کسی اور کو سنانا۔ انڈے 300 روپے درجن ہو گئے ہیں۔ وزیر آباد والو! تحریک انصاف کے امیدوار کو انڈے مار مار کے بھگانا۔ پی ٹی آئی امیدوار ڈھیٹ ہو جائے تو سبزیوں کا ہار ان کے گلے میں ڈالنا۔ آج صرف ووٹ مانگنے نہیں آئی نواز شریف کا دور یاد کرانے آئی ہوں۔ پنجاب لاوارث نہیں بلکہ یتیم ہو گیا ہے۔ ہم اپنے مخالفین کی بھی خدمت کریں گے۔ تاجر‘ کسان‘ ڈاکٹرز‘ مزدور‘ ہیلتھ ورکرز اور سرکاری ملازمین سب خوار ہو رہے ہیں۔ عمران خان کی حکومت چینی چور‘ آٹا چور ہے۔ مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آئی تو (ان شاء اللہ) سب ٹھیک ہو جائے گا۔ حکمران 224 ارب کا آٹا کھا گئے۔ 400 ارب روپے کی چینی کھا گئے۔ عمران خان کا حال چور مچائے شور جیسا ہے۔ چینی چور چار سو ارب روپے کی چینی کھا گئے ہیں۔ حکمرانوں نے جان بوجھ کر مہنگی ایل این جی درآمد کی۔ ایل این جی پر 122 ارب روپے کا ڈاکہ ڈالا گیا۔ قبل ازیں لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کو پارٹی میں ایک شخص ایسا نہیں ملا جسے ٹکٹ دیتے۔ ارب کھرب پتیوں کو ٹکٹ دینے کا مطلب ہے اپنے پیسے سے ووٹ خریدیں۔ ہر صوبے میں پی ٹی آئی کے لوگ ان کیخلاف کھڑے ہو گئے ہیں۔ حکومت میں مریم نواز کو باہر بھیجنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔ میرے گھر میں بھی آ کر پیشکش کریں تو باہر نہیں جائوں گی۔ ایسا نہ ہو کہ سینٹ انتخابات کے دوران ہی تحریک عدم اعتماد آ جائے۔ مسلم لیگ (ن) نے ان کو ٹکٹ دئیے جن کی سیاسی جدوجہد ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ سینٹ میں اچھے لوگ آئیں۔ گوجرانوالہ (ن) لیگ کا شہر ہے، مسلم لیگ (ن) سے پنگا لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار ہیں۔ بیک ڈور رابطوں کی ضرورت ان لوگوں کو ہے جو مشکل میں ہیں۔ پی ڈی ایم یا مسلم لیگ (ن) کو بیک ڈور رابطوں کی ضرورت نہیں۔ پیرا شوٹ کے ذریعے ٹکٹ لینے والے عوام کے غضب کا سامنا کریں گے۔ حکومت اپنی شکست دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی۔ سرجری کیلئے باہر جانا ضروری لیکن ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے درخواست نہیں دوں گی، باہر نہیں جاؤں گی، اب آپ کو جانا پڑے گا۔ قائد نواز شریف اور پارٹی قیادت پر فخر ہے۔ پی ڈی ایم کو توڑنے کے خواب دیکھنے والے خود ٹوٹ جائیں گے۔ دھاندلی ایک حد تک ہوسکتی ہے۔ عوام کھڑے ہو جائیں تو دھاندلی نہیں ہو سکتی۔ عمران کے خرچے اٹھانے والوں نے مہنگی ایل این جی منگوائی۔ پی ٹی آئی نے 15 ہزار ارب کا قرضہ لیا لیکن ایک اینٹ بھی نہیں لگائی۔ مہنگائی کرکے ہمیں رلاتا ہے مگر الٹی سیدھی تقریریں کرکے ہنساتا بھی ہے۔ لوگ کہتے ہیں آٹا‘ چینی‘ گھی مہنگا ہوگیا۔ عمران خان نے کہا ہے این آر او نہیں دونگا۔ لوگوں کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگاتا ہے کہ ایک کروڑ نوکریاں‘ 50 لاکھ گھر دوں گا۔ پی ٹی آئی کے دیرینہ کارکنوں سے ہمدردی ہے۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو ٹکٹ نہیں ملے گا۔ کیونکہ وہ عمران خان کے کچن کا خرچہ نہیں اٹھا سکتے۔ وزیر آباد کے مشہور لوٹا صاحب نظر نہیں آ رہے۔ 26 مارچ کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔ عمران خان ایک مرتبہ آ گیا ہے کم از کم پنجاب میں وہ دوبارہ اقتدار میں نہیں آئے گا۔ پنجاب اور پاکستان میں آنے والی حکومت نوازشریف کی ہے۔ مریم نواز سندھ، بلوچستان، خیبر پی کے، پنجاب پاکستان کی بیٹی ہے وہ پاکستان کی بات کرتی رہے گی۔ میری بہنوں کے پاس آٹا، تیل، دوائیوں کیلئے پیسے نہیں رہے۔ اس موقع پر رانا ثناء اللہ، کیپٹن (ر) صفدر، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطاء اللہ تارڑ ایڈووکیٹ، خرم دستگیر، عابد علی رضا، مریم اورنگزیب، ایم این اے ڈاکٹر نثار احمد چیمہ، ضلعی جنرل سیکرٹری شازیہ سہیل میر، بیگم طلعت شوکت، سائزہ افضل تارڑ، ایم پی ایز عادل بخش چٹھہ، بلال فاروق تارڑ، مستنصر علی گوندل ایڈووکیٹ، خواجہ محمد جمیل ایڈووکیٹ، بابو شعیب ادریس، اعجاز احمد پرویا، ناصر محمود اللہ والے، محمد اکبر بٹ، کرنل (ر) وقار انور شیخ، شیخ بلال احمد، میر ماجد علی سالار، امتیاز اظہر باگڑی، خواجہ محمد شعیب، افتخار احمد بٹ، میاں مدثر نذیر سمیت ہزاروں کارکن بھی موجود تھے۔ مریم نواز نے کہا کہ پورا ٹبر چور کا نعرے لگوانے والے کی پوری جنج چور ہے۔ آج اپوزیشن والے ہی نہیں خود اس کی پارٹی کے لوگ بھی جھولیاں اٹھا کر بددعائیں دے رہے ہیں۔سوہدرہ سے نامہ نگار کے مطابق مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لئے شیر کو ووٹ دیں۔19 فروری کو مہنگائی، بیروزگاری کے خلاف ووٹ دیں۔ لیڈ کے تمام ریکارڈ سوہدرہ سے ٹوٹنے چاہیئں۔ مسلم لیگ (ن) کے راہنما بریگیڈئر (ر) بابر علائو الدین، عابد رضا، میاں عبدالمنان، حاجی سلیم دولہ، شمس اقبال چیمہ، میاں مدثر نذیراور دیگر نے مریم نواز کا استقبال کیا۔