حکومت کا مشن ملک کو سرسبز و شاداب بنانا ہے:مہندر پال سنگھ
لاہور( خصوصی نامہ نگار)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری مہندر پال سنگھ نے کہا ہے کہ حکومت کا مشن پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانا ہے، مذہبی مقامات پر شجر کاری سے عوام کو اسکی افادیت کا پیغام جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی کمشن برائے بین المذاہب مکالمہ کے زیر اہتمام شجر کاری مہم کے آغاز پر پودا لگانے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹ ہارٹ کیھتڈرل چرچ لاہور میں آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شاء،سردار مہندر پال سنگھ اورمولانا محمد عاصم مخدوم نے پودا لگایا۔تقریب میں چیئرمین امن کمیٹی لاہور چوہدری محمد ارشد گجر و دیگر نے شرکت کی۔آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شاء نے کہا کہ مذہبی رہنما اپنے وطن کو سر سبز بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ہم نے مسجد، مدرسہ، چرچ ،مندر، سکولزاور کالجز میں پودے لگائے ہیں۔مولاناعاصم مخدوم نے کہاکہ ہم ماحول کو پاکیزہ بنانے میں اپنا کرادر ادا کر رہے ہیں۔ مدراس، مساجد اور خانقاہوں سے ہمیشہ محبت کادرس ملاہے۔منبر و محراب سے امن و رواداری کا درس جاری رہے گا۔