مصر امہ کا اہم ملک افریقی ممالک کیساتھ تجارت کا فروغ ترجیح شاہ محمود
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پر مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچ گئے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق قاہرہ ہوائی اڈے پر قاہرہ کے اسسٹنٹ فارن منسٹر ایمبیسڈر طارق الوسیمی، پاکستان ایمبیسی قاہرہ کے ناظم الامور شاہ نذر خان اور وزارت خارجہ مصر کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ مصری وزیر خارجہ سامح شکری سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہء خیال کیا جائے گا۔ قاہرہ میں بزنس کمیونٹی کے ساتھ خصوصی ملاقات کریں گے۔ وزیر خارجہ قاہرہ میں عرب لیگ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کریں گے اور سیکرٹری جنرل عرب لیگ سے ملاقات کریں گے۔ توقع ہے کہ وزیر خارجہ کا دورہء مصر دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنائے گا۔ اس سے پہلے شاہ محمود قریشی نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ مصر مسلم امہ کا ایک اہم ملک ہے جسے افریقہ کا "گیٹ وے" بھی کہا جاتا ہے۔ معاشی سفارت کاری کو پیش نظر رکھتے ہوئے، افریقی ممالک کے ساتھ تجارت کا فروغ ہماری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کے فروغ کے حوالے سے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔ جامعہ الازہر جانے کا ارادہ ہے ہماری خواہش ہے کہ ہم تعلیمی شعبے میں ان کے تجربات سے استفادہ کر سکیں۔ مصر میں میری بزنس کمیونٹی سے ملاقات ہو گی اور میڈیا نمائندگان کے ساتھ گفتگو کا موقع بھی میسر آئے گا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی سے توانائی کے شعبے سے منسلک مصری کمپنی کے صدر نے ملاقات کی احمد السویدی نے کمپنی کے مختلف ممالک میں سرمایہ کاری پر بریفنگ دی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بیرونی سرمایہ کارں کو بہترین سہولتیں فراہم کر رہا ہے۔ پاکستان کی عالمی سطح پر درجہ بندی بہتر ہوئی۔ ہماری مثبت پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔