شاہ محمود کی مصری ہم منصب سے ملاقات: بھارت کے مذموم عزائم سے آگاہ کیا
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مصری ہم منصب سامح ال شکری سے قاہرہ میں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دوران ملاقات دوطرفہ تعلقات، کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، مصر کو عرب دنیا کا ایک اہم ملک گردانتا ہے۔ پاکستان اور مصر کے مابین یکساں مذہبی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ پاکستان وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں افریقی ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ کیلئے "انگیج افریقہ" پالیسی پر گامزن ہے۔ وزیر خارجہ نے پاکستان اور مصر کے درمیان دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے میسر مواقع سے متعلق مصری وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے اپنے مصری ہم منصب کو بھارت کی ہندوتوا سرکار کے پاکستان مخالف مذموم عزائم سے آگاہ کرتے ہوئے، اسے خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرے کا باعث قرار دیا۔ مصری وزیر خارجہ سامح ال شکری نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں کو سراہا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے مصری ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریے کے ساتھ قبول کیا۔