پنجاب میں روزگار چھننے پر اموات ہوئیں، وزاعظم نوٹس لیں: شجاعت
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے گجرات میں محکمہ اوقاف اور بلدیہ کے آپریشن کے دوران غریب دکاندار کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ نہ نوکری مل رہی ہے اور کاروبار جو پہلے ہی مشکل سے چل رہا ہے اس کو بھی چھینا جا رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان اس صورتحال کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات سمیت پنجاب میں روزگار چھینے پر لوگوں کی اموات ہوئیں اور بہت سے زخمی بھی ہوئے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد سے یہ لوگ یہاں پر اپنا کاروبار کر رہے ہیں لیکن محکمہ اوقاف اور بلدیہ نے غریبوں کی دکانوں کو مسمار کر دیا، آپریشن کے دوران ایک غریب دکاندار صدمے سے فوت ہو گیا۔ باقی دکانداروں کا بھی یہی حال ہے۔ غریبوں کی حالت زار پر رحم کریں اور لوگوں کی بددعائیں نہ لیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ اب اس غریب دکاندار کے بچوں کو کون پالے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو اسمبلیوں میں بھی اٹھایا جائے گا۔