جعلی اکاؤنٹ کیسز کے خلاف زرداری کی درخواست‘ ریفرنسز سپریم کورٹ منتقلی کا کیا بنا؟ ہائیکورٹ
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی طرف سے جعلی اکاؤنٹس کیسز میں ضمنی ریفرنسز کے خلاف درخواستوں پر سماعت ملتوی کردی۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی عدالت پیش ہوئے جبکہ درخواست گزار وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت پیش نہ ہوئے، جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ میں ریفرنسز منتقلی سے متعلق کیسز کا کیا بنا؟ جس پر سردار مظفر عباسی نے عدالت کو بتایاکہ 27جنوری کو سماعت ہوئی تھی جس کے بعد اب امید ہے کہ فروری کے آخر میں درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کی جائیں گی۔ جس پر عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔