• news

دشمن کے کسی بھی مس ایڈونچر کا جواب دینے کیلئے تیارچاہئے: آرمی چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جدید جنگوں کے میدان میں عصری چیلنجوں  سے مکمل آگاہ ہونے اور ابھرتے ہوئے نئے تصورات کے مطابق ان سے نمٹ کر ہی جدید جنگوں کے میدان میں برتری برقرار رکھی جا سکتی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے پی اے ایف وار کالج انسٹیٹیوٹ کراچی میں چونتیسویں ایئر وار کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے فضائیہ کی عمدہ پیشہ ورانہ مہارت اور قابل رشک کامیابیوں کی تعریف کی اور جدید پیشرفتوں سے آگاہ رہنے اور تکنیکی برتری برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دشمن کے کسی بھی  مس ایڈونچر کا جواب دینے کیلئے تیار رہنا چاہیے۔ اس سے پہلے آرمی چیف نے سنٹرل آرڈیننس ڈپو کراچی کا دورہ کیا۔ انہیں اس ڈپو کے ایک صدی پرانے انفراسٹرکچر کو جدید بنانے کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس کا مقصد لاجسٹکس کو بہتر بنانا ہے۔ آرمی چیف نے آپریشنل صلاحیت کو بہتر بنانے کی خاطر لاجسٹکس کے شعبے میں آرڈیننس کور کی لگن کو سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن