حفیظ شیخ، مانڈوی والا سمیت متعدد امیدواروں کے کاغذات منظور، یوسف گیلانی کا فیصلہ آج
لاہور+ اسلام آباد (نیوز رپورٹر + وقائع نگار خصوصی) سینٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل جاری رہا۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فیصلہ کل صبح 9 بجے سنایا جائے گا۔ دوسری جانب عبدالحفیظ شیخ، ثانیہ نشتر، بیرسٹر علی ظفر، سائرہ افضل تارڑ، زاہد حامد، اعظم نذیر تارڑ، کامل علی آغا، فرحت اللہ بابر، سلیم مانڈوی والا، شیری رحمان، پلوشہ خان، غفور حیدری، سرفراز بگٹی سمیت بیشتر امیدواروں کے کاغذات درست قرار دے دئیے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں الیکشن کمشن کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ سب کی خواہش ہے کہ سینٹ کے انتخابات کا جمہوری عمل اچھے انداز میں مکمل ہو۔ دوسری طرف پی ٹی آئی میں کس امیدوار کو کاغذات کی واپسی کروانی ہے اس بات کا حتمی فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کا ہی ہوگا۔ سینٹ الیکشن کے لئے صوبہ پنجاب میں تحریک انصاف کی 6 نشستیں ہیں اور کاغذات 13امیدواروں نے جمع کروا رکھے ہیں اور اگر باقی جماعتوں کی بات کریں تو پنجاب کی 11 نشستوں پر 29 امیدواروں نے کاغذات جمع کروا رکھے ہیں۔ پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض امیدواروں کے کاغذات کورنگ امیدوار کے طور پر بھی جمع کروا رکھے ہیں جس میں سے حتمی مشاورت کے بعد امیدواراں کو فائنل کیا جاسکے گا۔ تفصیلات کے مطابق سینٹ انتخابات میں پنجاب سے پی ٹی آئی کو 6 نشستوں پر کامیابی کی امید ہے جس میں چار جنرل، ایک ٹیکنو کریٹ اور ایک خاتون کی نشست شامل ہے۔ چار جنرل نشستوں میں ایک نشست پر اتحادی جماعت مسلم لیگ قائداعظم کے امیدوار کامل علی آغا بھی شامل ہیں، باقی تین جنرل نشستوں پر پی ٹی آئی کے آٹھ امیدوار ہیں۔ دو امیدوار عمرسرفراز چیمہ اور عون عباس اپنی ٹکٹ الیکشن کمشن میں جمع کروا چکے ہیں۔ پی ٹی آئی کے لئے سیف اللہ نیازی، اعجازاحمد چودھری، اعجاز منہاس، محمد مدنی، جمشید اقبال چیمہ، نیلم ارشاد میں سے امیدوار کا چنائو کرنا ہوگا۔ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر پی ٹی آئی کے دو امیدوار ہیں، جبکہ خواتین کی ایک نشست پر پی ٹی آئی کی تین امیدواروں ڈاکٹر زرقا، نیلم ارشاد اور فرحت شہزادی شامل ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی واپسی کی تاریخ 25 فروری ہے۔ پنجاب سے جنرل نشستوں کے لیے 21، ٹیکنو کریٹس اور علماء کے لیے 3، خواتین کی نشستوں پر 5 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کے سینٹ الیکشن کے لئے اپنے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد قبول کر لئے گئے ہیں۔ دریں اثناء سیف اللہ خان نیازی اور اعجاز احمد چوہدری نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت روکنے کے انتظامات کر رہی ہے، ن لیگ نے اس کو ٹکٹ دیا جو سپریم کورٹ سے سزا یافتہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی سینٹ الیکشن میں شکست کھائیں گے۔ سیف اللہ نیازی نے بعدازاں پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور سینٹ الیکشن کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق لاہور سے پرویز رشید کے کاغذات کی منظوری لٹک گئی ہے۔ تحریک انصاف نے لیگی امیدوار پر ٹیکس اور آمدن گوشواروں میں غلط بیانی اور پنجاب ہاؤس کا ڈیفالٹر ہونے کا الزام لگایا ہے۔۔