آشیانہ کیس کی سماعت: شہباز شریف نے پارٹی امیدواروں کے سینٹ ٹکٹس پر دستخط کر دیئے
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے احتساب عدالت کے جج کی اجازت کے بعد سینٹ انتخابات میں حصہ لینے والے لیگی امیدواروں کی ٹکٹس پر دستخط کر دئیے۔آشیانہ کیس کی سماعت کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ اگر عدالت اجازت دے تو مجھے ٹکٹوں پر دستخط کرنے ہیں۔ معزز جج نے اس کی اجازت دیدی جس پر شہباز شریف نے کہا کہ کیونکہ میں تحویل میں ہوں تو میرے دستخط کے بعد اس کی تصدیق آپ کی عدالت سے کرانا ضروری ہو گی۔ ٹکٹوں پر دستخطوں کے بعد جج احتساب عدالت نے تمام ٹکٹس کی تصدیق کر دی۔ ادھر لاہور ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں گرفتار پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی ضمانت پر رہائی کی درخواست پرسماعت 23 فروری تک ملتوی کردی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل بنچ نے سماعت کی۔