یوسف رضا گیلانی سے بلاول، فضل الرحمان کا ٹیلیفونک رابطہ، سینٹ الیکشن پر تبادلہ خیالات
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے درمیان جمعرات کی شام ٹیلیفون پر رابطہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق دونوں قائدین نے ملکی سیاسی صورتحال اور پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے رکن جماعتوں کے درمیان سینٹ الیکشن کیلئے تعاون کے امور پر تبادلہ خیالات کیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ یوسف رضا گیلانی اسلام آباد سے سینٹ کی جنرل سیٹ پر پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں اور انہیں پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کی تائید حاصل ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے اس نشست کیلئے الیکشن کمشن سے ان کے کاغذات نامزدگی منطور ہونے پر انہیں مبارک باد بھی دی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی یوسف رضا گیلانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ بلاول نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت یوسف رضا گیلانی کے امیدوار بننے سے خوفزدہ ہے۔