10 برس بعد مصر سے تعلقات بحال، عرب لیگ ممبر ممالک کو اہمیت دیتے ہیں: شاہ محمود
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایک عشرے سے مصر کے ساتھ تعطل کا شکار، تعلقات اب بحال ہو گئے ہیں۔ دورہ مصر کے حوالے سے انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مصر کے صدر عبدالفتح السیسی کے ساتھ بہت اچھی نشست ہوئی۔ مصری صدر نے پاکستان کے لیے گراں قدر جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر عبدالفتح السیسی نے وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کو سراہا اور گزشتہ 10 سال سے مصر کے ساتھ تعطل کا شکار تعلقات ازسرنو بحال ہو گئے ہیں۔ مصری صدر نے مسلم امہ سے متعلق اپنے وژن کا اظہار بھی کیا۔ وزیر خارجہ نے بتایا کہ مصری ہم منصب سامح شکری سے نشست میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ آئندہ کے لیے ایک جامع 'روڈ میپ' ترتیب دیا ہے جس کے مطابق مارچ میں پاکستان اور مصر کے مابین اعلیٰ سطح کا سیاسی کمشن مشاورتی اجلاس ہو گا جبکہ اپریل میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف مصر جائیں گے۔ دفاعی تعلقات کو آگے بڑھائیں۔ شاہ محمود قریشی نے قاہرہ میں عرب لیگ کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابوالغیط سے ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اہم عالمی امور خصوصا خطے کو درپیش چیلنجز سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر بات چیت کی گئی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان عرب لیگ کے ممبر ممالک کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ لیگ کے تمام رکن ممالک کے ساتھ پاکستان کے مضبوط سیاسی، تجارتی روابط ہیں۔ اقوام متحدہ کے تحت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نسل پرستانہ سوچ کے خلاف موثر اقدامات؟ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ عالمی سطح پر سماجی تفریق کے اقدامات وقت کا اہم تقاضا ہیں۔ نو آبادیاتی نظام نے معاشروں کے اندر سماجی تقیسم پیدا کی۔