• news

من پسند سفارتکاروں کے دورہ پر ہڑتال : عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول کے مترادف  : دفتر خارجہ 

سری نگر‘ جموں (کے پی آئی‘ این این آئی) بھارت اور بھوٹان میں یورپی یونین کے سفیر یوگو آسٹو کی قیادت میں 24ممالک کے سفارتکاروں کے وفد کا دورہ کشمیر مکمل ہو گیا ہے۔ اس دورے کے دوران کشمیر میں شہریوں کے لیے غیر اعلانیہ کرفیو نافذ تھا جبکہ غیر معمولی سکیورٹی میں  افریقی، یورپی، لاطینی امریکی اور چند ایشیائی ممالک کے سفیروں کو سری نگر، بڈگام اور جموں میں فوجی حکام نام نہاد بلدیاتی نمائندوں، سول سوسائٹی ارکان  اور ہنر مند خواتین سے  ملاقات کرائی گئی۔ وفد سری نگر میں ایک روز قیام کے بعد جمعرات کو جموں پہنچا۔ جموں میں گورنرسے ملاقات کے بعد فوجی حکام نے وفد کو بریفنگ دی۔ بھارتی حکومت کی طرف سے 24ممالک کے سفارتکاروں کے وفد کو کشمیر لانے کا مقصد انہیں یہ باور کرانا تھا کہ  دفعہ370   کے خاتمے کے بعد جموں وکشمیر کی صورت حال معمول کے مطابق ہے اور کشمیری خوش ہیں، تاہم کشمیری عوام اس دورے سے لاتعلق رہے  جبکہ  بدھ کو ہڑتال بھی کی گئی۔ یورپی یونین، چلی، برازیل، کیوبا، بولیویا، ایسٹونیا، فن لینڈ، فرانس، آئرلینڈ، نیدرلینڈ، پرتگال، بلجیئم، سپین، سویڈن، اٹلی، بنگلہ دیش، مالاوی، اریٹیریا، کوٹ ڈی آئوائر، گھانا، سینیگال، ملائیشیا، تاجکستان اورکرغزستان کے سفارتکاروں کی کشمیر آمد پر سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کے مذموم منصوبوں اور چالوں کے خلاف بدھ کے روز مقبوضہ علاقے میں کی جانے والی مثالی ہڑتال بھارت اور یورپی سفیروں کیلئے چشم کشا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے غیر ملکی سفارتکاروں سے اپیل کی ہے کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت اور پاکستان اور کشمیری عوام کے مابین مذاکرات کو یقینی بنانے میں مدد کریں۔ غیریقینی سیاسی صورتحال کے خاتمہ کیلئے اپنا تعاون دیں۔ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ وفد آتے اور جاتے رہتے ہیں تاہم حقیقت یہ ہے کہ مقبوضہ علاقے کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے۔ ترال میں  فورسز نے شفقت احمد، ماجد محمد بٹ اور عمر رشید وانی نامی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔ ادھر عسکریت پسند تنظیموں سے تعلقات کے الزام میں ایک نوجوان شیر علی کو جموں ایئرپورٹ پر کویت سے واپسی پر گرفتار کر لیا گیا۔ سرینگر میں بھارتی فوج کے شاسترا سیما بل کیمپ میں آگ بھڑک اٹھی جس سے بھاری نقصان ہوا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن