کرونا: مزید 37 جاں بحق، 52 ہزار ورکرز کو ویکسین لگ چکی، فیصل سلطان
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں کرونا وائرس کے فعال کیسز میں کمی آرہی ہے۔ ملک میں مزید 1272مریض جبکہ مزید 37افرادکا انتقال ہوا۔ مجموعی کیسز 5 لاکھ 67 ہزار 261 ہوگئے جبکہ اموات 12 ہزار 488 تک پہنچ گئیں۔ 2 ہزار 52 مریض صحتیاب، تعداد 5 لاکھ 30 ہزار 597 ہوگئی۔ فعال کیسز 24 ہزار 176 رہ گئے۔ صوبہ سندھ میں مزید 361 کیسز مزید 4 مریضوں کا انتقال۔ صوبہ پنجاب میں 516 نئے کیسز، مزید 24 مریض لقمہ اجل بنے، صوبہ خیبرپی کے میں مزید 183 متاثر، مزید 8 مریضوں کا انتقال ہوا، صوبہ بلوچستان میں 4 کیسز رپورٹ، اموات 199 پر برقرار ہیں۔ اسلام آباد میں مزید 108 کیسز،ایک مریض کا انتقال ہوا، آزاد کشمیر میں مزید 67 افرادمتاثر، اموات 284 پر برقرار۔گلگت بلتستان میں2 نئے مریض ، مرنے والوں کی تعداد 102 پر برقرار ہے۔ تحقیق دانوں نے حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ فائزر ویکسین کی دوسری خوراک کو موخر کردیں، جہاں پہلی خوراک میں اس ویکسین کی افادیت 92.6فیصد رہی۔ ہنگری یورپی ممالک میں پہلا ملک بن گیا جہاں چین کی تیار کردہ کرونا وائرس ویکسین لوگوں کو دی جائیں گی۔ بیجنگ نے سینوفام کی تیارکردہ ویکسین کی پہلی کھیپ فراہم کردی ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان ان 65 ممالک میں شامل ہے جہاں کرونا ویکسینیشن ہو رہی ہے۔ فرنٹ لائن ورکرز کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ سلام پیش کرتے ہیں۔ اب تک 52 ہزار 768 سے زائد فرنٹ لائن ورکرز کو کرونا ویکسین دی جا چکی ہے۔ رجسٹرڈ ہونے والے فرنٹ لائن ورکرز کو انتظار کرنے کی ضرورت نہیں‘ وہ اپنا شناختی کارڈ بھیج کر کسی بھی سینٹر سے ویکسین لگوا سکتے ہیں۔وفاقی حکام نے صوبوں اور اسلام آباد کو کرونا ویکسین کی دوسری کھیپ کی فراہمی مؤخر کر دی۔ صوبوں کے پاس اب بھی 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد ویکسین کی ڈوزز موجود ہیں۔ فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کے لیے آرمی کی عطیہ کی گئی 2 لاکھ ڈوزز بھی موجود ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ویکسین بہت قیمتی ہے جب تک پہلی ڈوز سب کو نہیں لگتی، دوسری جاری نہیں کریں گے۔مریدکے سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شہر کے ایک سرکاری سکول کی ایک ٹیچر اور پانچ بچے کرونا کا شکار، جس کے باعث سکول کو فوری طور پر بند کرکے تمام سٹاف اور بچوں کے ٹیسٹ کر لیے گئے۔