• news

دنیا کے بہترین فاسٹ بائولر موجود‘پی ایس ایل ٹائٹل جیتیں گے : عاطف رانا

لاہور( حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عاطف رانا نے کہا ہے کہ ہمارے پاس دنیا کے بہترین فاسٹ باؤلرز موجود ہیں، دنیا کے بہترین ان فارم کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں، کپتان سہیل اختر کی خدمات حاصل ہیں۔ ٹائٹل جیتنے کیلئے پرامید ہیں ناصرف ٹائٹل جیتیں گے بلکہ ہمیشہ کی طرح نیا ٹیلنٹ بھی سامنے لائیں گے۔ پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کا خوش کن چہرہ ہے اس  سے صرف کرکٹ ہی نہیں پاکستان کے ہر شعبے کو فائدہ پہنچا ہے بالخصوص دنیا کو پاکستان کا پرامن چہرہ دیکھنے کا موقع ملا ہے۔ شاہین آفریدی میں قائدانہ صلاحیتیں موجود  انہیں مستقبل کے منصوبوں کو دیکھتے ہوئے نائب کپتان بنایا ہے، سہیل اختر اگر پی ایس ایل اور ٹی ٹین لیگ میں دنیا کے بہترین باؤلرز کیخلاف اور دنیا کے بہترین بلے بازوں میں نمایاں کھیل پیش کر سکتا ہے تو پھر قومی سلیکشن کمیٹی کو ایسے کھلاڑیوں کو ضرور دیکھنا چاہیے۔ شاہین آفریدی اور حارث رؤف جیسے دنیا کے بہترین فاسٹ باؤلرز کی خدمات حاصل ہیں، ڈیوڈ ویزا بھی موجود ہیں،  ان فارم اور تجربہ کار محمد حفیظ اور  راشد خان کی خدمات حاصل ہیں، بین ڈنک سمیت دیگر کھلاڑی بھی کسی سے کم نہیں ۔  پلیئرز ڈیویلپمنٹ پروگرام کے کرکٹرز بھی پوری طرح تیار ہیں۔ دعا ہے کھلاڑی  فٹ رہیں اور قسمت ہمارا ساتھ دے قسمت ساتھ نہ دے تو کچھ نہیں کیا جا سکتا۔  شائقینِ کرکٹ کے مشکور ہیں وہ  برے نتائج کے باوجود محبت کرتے رہے گذشتہ برس ابتدائی ناکامیوں کے باوجود ہم فائنل تک پہنچے وہاں تھوڑا ڈگمگائے لیکن اس مرتبہ یہی کوشش ہے کہ پہلے سے آخری میچ تک بہترین کھیل اور مثبت نتائج کے ساتھ ایونٹ کا اختتام کریں۔

ای پیپر-دی نیشن