• news

پاکستان کرکٹ کو بچانے کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان ‘آرمی چیف نوٹس لیں : نعمان بٹ 

لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے سابق رکن اور سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر نعمان بٹ نے کہا  ہے کہ ملک کے مقبول ترین کھیل کرکٹ کو بچانے کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو کردار ادا کرنا چاہیے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے غلط فیصلوں سے ملکی کرکٹ کا مستقبل خطرے میں ہے۔ پی سی بی نے سپانسر شپ کے نام پر ریجنل کرکٹ کو گروی رکھ دیا ۔ ایک ارب سے زائد صرف ڈومیسٹک ٹورنامنٹس پر خرچ کرنے کے دعویدار  بورڈ چند کروڑ سالانہ میں چھ ٹیموں کی سپانسر کے حقوق فروخت کر کے علاقائی کرکٹ کی تباہی کی بنیاد رکھ دی ہے۔ ڈیڑھ سال سے زائد وقت گذرنے کے بعد بھی جب  بورڈ بہتر سپانسر شپ حاصل کرنے میں ناکام رہا تو اونے پونے داموں ایسوسی ایشنز کے حقوق فروخت کر دیے گئے ہیں۔ کیا کوئی ایسوسی ایشن صرف تین کروڑ سالانہ میں قائد اعظم ٹرافی، ون ڈے کپ اور ٹونٹی ٹونٹی کپ، انڈر نائینٹین، انڈر سکسٹین، انڈر تھرٹین سمیت کلب کرکٹ کروا سکتی ہے۔  سپانسر شپ ڈیل نے بورڈ حکام کی ناکامی پر مہر لگا دی ہے۔ کھیل کے میدان ویران ہو گئے ہیں، گراؤنڈ سٹاف کو فارغ کیا گیا  ۔  ملک میں کرکٹ کے حقیقی سٹیک ہولڈرز کو دیوار سے لگانے کے بعد بورڈ چیئرمین اور ان کی ٹیم من مانے فیصلوں سے پاکستان کرکٹ کو اندھیروں کی طرف دھکیل رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن