بھارت کیخلاف کبڈی ورلڈ کپ کا فائنل حکمت عملی سے جیتے : قومی کھلاڑی
لاہور (نمائندہ سپورٹس) کبڈی کی عالمی چیمپئن قومی ٹیم کے کھلاڑیوں بنیامین،، عرفان عرف مانا جٹ، مشر ف جنجوعہ ، خالد بھٹی، عبید اللہ، محسن بلال ڈھلو اور نثار گجر ودیگر نے کہا ہے کہ بھارت کیخلاف کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل میں جیت جارحانہ حکمت عملی کی وجہ سے ملی تھی ۔ عرفان عرف مانا جٹ نے کہا کہ بھارت کیساتھ جب بھی میچ ہوتا ہے جذبہ ضرور ہوتا ہے۔ جیتنے کیلئے کوشش کرتے ہیں۔ ہوم گراونڈ کا بہت فائدہ ہوتا ہے، تین چار پوائنٹس نیچے تھے لیکن آخر میں جا کر ہم نے دو پوائنٹس سے بھارت کو شکست دیدی۔ کرونا وبا کی وجہ سے کھلاڑی گاؤں میں رہے اور ٹریننگ کرتے رہے۔مشرف جاوید جنجوعہ نے بتایا کہ پہلے انڈر پریشر تھے اور یہ پاکستان میں پہلا ورلڈ کپ تھا۔بھارت پرانا حریف ہے اور ان کی ٹیم بھی بہت زبردست تھی، تاہم ہم نے پہلے نئے لڑکوں کو اتارا کیونکہ ہم نے میچ جیتنا تھا۔ ایک وقت میچ ہمارے ہاتھوں سے نکل رہا تھا تاہم ہم نے اے پلان اور بی پلان والا فارمولا اپنایا، پھر بی پلان پر عمل کیا، پھر کوچ نے کہا کہ اب بی پلان سے کھیلتے ہیں۔پاکستان پلان بی پہلے استعمال کرتا تو کھیل پہلے ہی جیت چکے ہوتے۔خالد بھٹی کا کہنا تھا کہ بتا دیا کہ پاکستان پر امن ملک ہے۔دنیا کیلئے پر امن پیغام گیا۔