• news

گوادر کرکٹ سٹیڈیم میں پہلا میچ محمد علی سدپارہ کے نام‘ شوبز شارکس کی فتح

لاہور+اسلام آباد (نمائندہ سپورٹس+سپیشل رپورٹ+نمائندہ خصوصی) گوادر میں دنیا کے خوبصورت ترین کرکٹ سٹیڈیم میں پہلے سیلیبریٹی میچ میں شوبز شارکس نے گوادر ڈولفنز کو شکست دیدی۔ ’سوپر ہے پاکستان کپ‘ کے نام سے پہلا سیلیبریٹی نمائشی میچ کھیلا گیا۔ شوبز شارکس کی قیادت پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او وسیم خان نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں گلوکار فخرعالم، فیصل قریشی‘ اعجاز اسلم اور شوبز سے تعلق رکھنے والی دیگر شخصیات شامل تھیں۔ گوادر ڈولفن کی کپتانی وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کی۔ جبکہ ان کیساتھ وزیر بحری امور علی زیدی اور برطانوی ہائی کمشنر سمیت مختلف سیاسی، سماجی و شوبز شخصیات شامل تھیں۔ شوبز شارکس کی ٹیم نے مقررہ 25 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز سکور کیا۔ گوادر ڈولفنز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 164 رنز بنا سکی اور یوں شوبز شارکس نے یہ میچ 12 رنز سے اپنے نام کرلیا۔ وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر پیغام میں کہا ہے کہ گوادر کرکٹ سٹیڈیم میں افتتاحی میچ محمد علی سدپارہ کے نام کیا گیا ہے۔ کرکٹ میچ کی تصاویر بھی فیس بک پر شیئر کریں۔ میچ کا آغاز کے ٹو پر لاپتہ پاکستانی کوہ پیما علی سدپارہ کیلئے خصوصی دعا سے کیا گیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے گوادر کرکٹ گراؤنڈ میں افتتاحی میچ میں پہلا  ٹاس کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کہا کہ گوادر کرکٹ سٹیڈیم پوری دنیا میں خوبصورت ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ جلد انگلینڈ کی ٹیم گوادر میں میچ کھیلے گی۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ گوادر میں کرکٹ کے مقابلے منعقد کرنے کا زبردست امکان ہے۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان کرکٹ کا رشتہ بہت مضبوط ہے۔ کرکٹ ہمارے خون میں شامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ گوادر نہ صرف مستقبل میں کرکٹ کے کھیل کا مستقبل بن سکتا ہے۔ بلکہ یہ پاکستان کی ہمسایہ ممالک سے تجارت کا بھی منبع ثابت ہو گا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے گوادر کے دورے میں گوادر میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی بات چیت کی۔ اس بات چیت میں بحری امور کے وزیر علی زیدی اور وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے شرکت کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن