پی ایس ایل کا آج سے آغاز، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مد مقابل
لاہور+کراچی (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) کوویڈ 19 کی عالمی وباء کے باوجود ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں 235 میچز کے کامیاب انعقاد کے بعد اب وقت ہے ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کا جو آج فروری سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگی۔ ایونٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں رات 8 بجے مدمقابل آئیں گی۔پی ایس ایل 6 کا آغاز رنگارنگ افتتاحی تقریب سے ہوگا، ریکارڈ تقریب میں گلوکارعاطف اسلم ،عمران خان، حمیمہ ملک اور ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کا ترانہ گانے والے گلوگار بھی جلوہ گر ہوں گے،تمام ٹیموں کی ایونٹ سے قبل تیاریاں مکمل ہیں اور فرنچائزز نے اپنے سکواڈزکو حتمی شکل دیدی ہے۔ اس ایڈیشن میں فینز کو محفوظ اور پرجوش کرکٹ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے،جہاں 6ٹیمیں ایونٹ کی چمچماتی ٹرافی اور 80 ملین روپے کے حصول کیلئے مدمقابل ہوں گی،ایونٹ میں کْل 112 ملین روپے کی رقم تقسیم کی جائیگی۔سٹیڈیم کی حدود میں کوویڈ 19 کے پروٹوکولز پر عمل درآمد ہر صورت ممکن بنایا جا ئیگا،اپنے پسندیدہ کرکٹرز کے کھیل کو دیکھنے کیلئے شائقین کرکٹ محدود تعداد میں اسٹینڈز میں موجود ہونگے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کا پہلا مرحلہ 20 فروری سے 7 مارچ تک کراچی میں کھیلا جائے گا، پھر 2 روز کے آرام کے بعد فائنل سمیت بقیہ 14 میچز لاہورمیں کھیلے جائیں گے۔بیس فیصد تماشائیوں کو گراؤنڈ میں میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی، حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی میں 7500 جبکہ لاہور میں 5500 تماشائی اسٹینڈز میں بیٹھ کرمیچز دیکھیں گے۔اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیوآفیسر وسیم خان کاکہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز ہونے جارہا ہے اور ہمارے لیے سب سے فخر کی بات یہ ہے کہ ایڈیشن گزشتہ تمام ایڈیشنز سے زیادہ شاندار اور محفوظ ہوگا۔انھوں نے کہا کہ بیس فیصد شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دینے پر ہم نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے شکرگزار ہیں،اسٹینڈز میں مداحوں کی موجودگی نہ صرف اسٹیڈیم میں ماحول کو پرجوش بناتی ہے بلکہ یہ میدان میں موجود کھلاڑیوں کے حوصلے بھی بلند کرتی ہے،یہ پی سی بی کے لیے ایک شاندار لمحہ ہے، یہاں تک پہنچنے سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کوویڈ 19 کے سخت پروٹوکولز پر عملدرآمد کرتے ہوئے انتہائی کامیابی سے مختلف کیٹگریز میں مرد اور خواتین کے ڈومیسٹک اور بین الاقوامی میچز کا انعقاد کرچکا ہے۔ وسیم خان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری کوششوں کامنہ بولتا ثبوت ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل تیزی کے ساتھ ترقی کی منازل طے کررہی ہے، مجموعی طور پر 425 غیر ملکی کھلاڑیوں کو ڈرافٹ کے لیے رجسٹر کیا گیا تھا اور اب ان میں سے 50 کھلاڑی بیس فروری سے شروع ہونے والی لیگ میں ان ایکشن ہوں گے۔