عمران کا مقصدسیاست میں پیسے کا استعمال کرنا، اپوزیشن نے عملی قدم نہیں اٹھایا: شبلی فراز
اسلام آباد (نامہ نگار + خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان کا بنیادی مقصد سیاست میں پیسے کے استعمال کو ختم کرنا ہے۔ میثاق جمہوریت پر دستخط کرنے والی مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے اپنے 10سالہ دور اقتدار میں الیکشن میں شفافیت کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا۔ وصیت پر دستخطوں کو اہمیت دینے والوں کو پتہ ہونا چاہیے میثاق جمہوریت پر بھی بے نظیر بھٹو کے دستخط تھے۔ 22کروڑ عوام اس بات پر قائل ہوچکے ہیں کہ الیکشن کا نظام شفاف ہونا چاہیے۔ ہماری قانونی بحث بھی یہ ہی ہے کہ کسی پارٹی یا الائنس کی جانب سے نامزد امیدوار کو ہی سینٹ کا ممبر منتخب ہونا چاہیے۔ شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان ایک ایسے قائد ہیں جو اس ملک میں بنیادی اصلاحات کے ذریعے جمہوریت اور پارلیمنٹ کو مضبوط بنا کر انہیں عوام کی خواہشات کا ترجمان بنانا چاہتے ہیں۔ جب پارلیمان میں شفافیت سے ایم پی ایز کے ووٹوں سے منتخب ہو کر سینیٹرز آئیں گے تو وہ ملک اور صوبے کے مفاد میں کام کریں گے۔ ماضی میں سینٹ الیکشن کے لئے منڈیاں لگتی تھی۔ اب جبکہ سینٹ الیکشن قریب ہیں تو چاروں صوبوں میں سینٹ الیکشن کے لئے منڈیاں لگ چکی ہیں ۔ ہمارا موقف ہے کہ متناسب نمائندگی چاہئے۔ بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ وہ بھی اس طرف مائل ہورہے ہیں۔ کچھ لوگ چیئرمین سینٹ کے خلاف عدم اعتماد کے حوالے سے عوام کو کنفیوژ کرتے ہیں۔ اس کی وضاحت کچھ یوں ہے کہ ابھی سینٹ الیکشن ہورہے ہیں۔ ہم سب اس پر بحث اور دلائل دے رہے ہیں۔ عدم اعتماد ہائوس کا داخلی معاملہ ہوتا ہے اس میں الگ پالیسی ہوسکتی۔ ہم اقتدار میں ہیں اس کے باوجود ایک ایسا ماحول لانا چاہتے ہیں جس میں ہمیشہ کے لئے پیسے کی سیاست ختم ہو۔ اس تبدیلی کے بغیر سینٹ الیکشن یا عام انتخابات میں اہلیت کی بنیاد پر لوگ نہیں آسکتے۔ 2013سے عمران خان انتخابی اصلاحات کی باتیں کررہے ہیں۔ 2018کے بعد عملی اقدامات کو مزید تیزکیا گیا ہے۔ اسلام آباد سے حفیظ شیخ سمیت پی ٹی آئی کے تمام امیدوار کامیاب ہونگے۔ ہمارے پاس ووٹوں کی گنتی مکمل ہے۔ اپوزیشن مسلسل حکومت سے این آر او مانگ رہی ہے۔ عمران خان انہیں کسی صورت این آر او نہیں دیں گے۔ دریں اثناء جمعہ کو سینٹر اورنگزیب کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ سینیٹر اورنگزیب خان اورکزئی پارٹی کا اثاثہ ہیں، وزیراعظم عمران خان کے فیصلے کو فراخدلی اور جذبے سے قبول کرتے ہوئے اورنگزیب خان سینٹ میں پارٹی ٹکٹ سے دستبردار ہوگئے ہیں، ان کی خدمات سے پارٹی آئندہ بھی استفادہ کرے گی۔ سینیٹر شبلی فراز اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے سینیٹر اورنگزیب خان کی رہائشگاہ کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ سینیٹر اورنگزیب خان کا تعلق سابقہ فاٹا سے ہے، انہوں نے جس جذبے اور فراخدلی سے وزیراعظم عمران خان کا فیصلہ مانا ہے وہ لائق تحسین ہے، ہم انکا شکریہ ادا کرنے آئے ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا کہ ہم اورنگزیب خان کا شکریہ اور پوری اورکزئی برادری کو سلام پیش ہیں۔