• news

نواز شریف‘ زرداری میں رابطہ‘ یوسف رضا گیلانی کو سینٹ میں کامیابی دلانے کا عہد

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر‘ نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف علی زردادی اور سابق وزیر اعظم نوازشریف نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو سینٹ میں کامیابی دلانے کا عہد کر لیا۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو سینٹ میں کامیابی دلانے کی ٹھان لی۔ اس مقصدکیلئے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری میں اعلی سطح کا رابطہ ہوا ہے۔ دونوں رہنمائوں میں سینٹ انتخابات سمیت سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ تاہم گفتگو کے دوران دونوں رہنمائوں نے گیلانی کو سینٹ میں کامیاب کرنے کا عہد کیا۔ دریں اثناء سابق صدر آصف علی زرداری سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ملاقات کی۔ بلاول ہاؤس کراچی میں ہونے والی ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔ پارٹی قیادت نے سینٹ کاغذات نامزدگی منظور ہونے پر یوسف رضا گیلانی کو مبارکباد دی۔ ملاقات میں سینٹ الیکشن کی حکمت عملی اور پی ڈی ایم سے متعلق گفتگو کی۔  دوسری جانب زرداری نے مولانا فضل الرحمن کو ٹیلی فون کر کے سیاسی صورت حال، سینٹ الیکشن اور لانگ مارچ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خیبر پی کے اور دیگر صوبوں سے سینٹ امیدواروں پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق لانگ مارچ کے طریقہ کار اور حکمت عملی پر بھی بات چیت کی گئی۔ یوسف رضا گیلانی کی انتخابی مہم کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن