• news

چیئرمین نیب سے قطر کے سفیر کی ملاقات، مفاہمت کی یادداشت پرعمل درآمد کے حوالے سے گفتگو

اسلام آباد (نامہ نگار) چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال سے پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود عبد الرحمن الثانی نے جمعہ کو نیب ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی اور قطر اور پاکستان کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر عملدرآمد کے امکان پر تبادلہ خیال کیا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود عبد الرحمن الثانی مخصوص طریقہ کار کے ذریعے مفاہمت کی یادداشت ضروری کارروائی کیلئے بھیجیں گے۔ قطر کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ نیب کے افسران، عہدیداروں کو قطر کے اہم اداروں بالخصوص رول آف لا اینڈ اینٹی کرپشن سنٹر قطر میں تربیت کی سہولت فراہم کرنے پر غور کیا جائے گا۔ چیئرمین نیب جاوید اقبال نے قطر کے سفیر کی طرف سے قطر اور پاکستان کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔ چیئرمین نیب  نے شیخ سعود عبد الرحمن الثانی کو پاکستان سے بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر کی گرفتاری کے لئے قابل ذکر کوششوں اور لوٹی ہوئی رقم کی بازیابی اور اسے قومی خزانے میں جمع کرنے کے لئے نیب کی قومی انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی کے بارے میں آگاہ کیا۔ پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود عبد الرحمن الثانی نے پاکستان کو بدعنوانی سے پاک کرنے کے لئے چیئرمین نیب جاوید اقبال کی متحرک قیادت میں پاکستان سے بدعنوانی کے خاتمے کو قومی فرض سمجھ کرکرپشن فری پاکستان کے لئے ٹھوس کوششوں اور نیب کی عمدہ کارکردگی کی تعریف کی۔

ای پیپر-دی نیشن