• news

پی ٹی آئی، ن لیگ ایک ایک قومی نشست پر آگے

اسلام آباد‘ لاہور‘ سیالکوٹ‘ ڈسکہ‘ گوجرانوالہ‘وزیرآباد‘ نوشہرہ ‘ پشاور (سٹاف رپورٹر‘ نیوز رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ) پنجاب اور خیبر پی کے میں چار حلقوں میں ضمنی الیکشن کیلئے دنگل سجا، دو قومی جبکہ دو صوبائی اسمبلی کی نشستیں ہیں۔  پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن نے ایک ایک قومی اسمبلی کی نشست پر میدان مارا جبکہ مسلم لیگ ن نے پنجاب اورخیبر پی کے سے ایک ایک صوبائی نشست پر کامیابی حاصل کر لی۔ این اے 75ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں فائرنگ کے واقعات میں 2افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 10افراد شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق  جاں بحق ہونے والوں میں ذیشان کا تعلق مسلم لیگ  ن جبکہ ماجد کا پی ٹی آئی سے تھا۔  جبکہ خواج ‘ طیب‘ حیدر‘ شیراز‘ قمر زمان‘ ساجد وغیرہ 10 افراد شدید زخمی ہوگئے جن کو طبی امداد کیلئے سول ہسپتال لایا گیا جہاں پر حیدر‘ ساجد اور خواج کی حالت تشویشناک ہونے پر گوجرانوالہ ریفر کردیا گیا۔ جبکہ سٹیڈیم روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولنگ سٹیشن پر موجود علی حیدر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا  مشن کمپائونڈ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خاتون زخمی ہوگئی۔  ادھر این اے 75ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار مختلف پولنگ سٹیشنوں کے باہر ہوائی فائرنگ کرکے فرار ہوگئے جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔  پولنگ سٹیشنوں پر ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے آئی ہوئی خواتین خوفزدہ ہوگئیں اور ووٹ کاسٹ کئے بغیر ہی گھروں کو چلی گئیں۔ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما عظمیٰ بخاری اور امیدوار حلقہ این اے 75سیدہ نوشین افتخار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کی بات ہے حکومت نے  رونا شروع کردیا ہے۔  مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر رانا ثناء اللہ نے ڈسکہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ  حکومتی غنڈوں کی طرف سے پولنگ سٹیشنوں پر فائرنگ کی گئی۔ معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائنڈ نے ڈسکہ میں ہونے والے پولنگ سٹیشنز پر جاکر پی ٹی آئی کے کارکنوں کو ہراساں کیا۔ ن لیگ کی روایتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے 2 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ رانا ثناء اللہ نے لیگی کارکنان کو اکسایا اور مسلح کیا۔ جاں بحق ہونے والے دونوں افراد پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹ تھے۔ یہ بات انہوں نے ڈسکہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ن لیگی ورکرز نے فائرنگ  کی۔ خواجہ سعد رفیق کے حلقہ سے لائے گئے ڈی ایم او الیکشن کو سبوتاژ کرتے دکھائی دئیے۔ الیکشن کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کے خلاف الیکشن کمیشن متحرک کیوں نظر نہیں آیا۔ غنڈوں اور ان کے سہولتوں کاروں کو اپنے کئے کا جواب دینا ہوگا   ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے تحریک انصاف کے امیدوار کے گارڈز پر فائرنگ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے اور کہا ہے کہ شکست کے ڈر سے پی ٹی آئی والے ووٹرز کی جان سے کھیلے۔ رہنما پی ٹی آئی عثمان ڈار نے ن لیگ کے رہنما رانا ثناء اللہ پر ڈسکہ میں حالات خراب کرنے کا الزام لگایا۔ عثمان ڈار نے کہا کہ رانا ثناء اللہ جتھے لیکر گھوم رہے تھے۔ رانا ثناء اللہ پر ایف آئی آر کٹوائیں گے۔ ن لیگ کے ورکرز نے پولنگ سٹیشن اور پولیس پر دھاوا بولا۔ راناثناء اللہ ڈسکہ میں وہی کرانا چاہتے ہیں جو ماڈل ٹائون میں ہوا۔  الیکشن کمشن نے مسلم لیگ  ن کی این اے 75 میں پولنگ کا وقت بڑھانے کی درخواست مسترد کر دی۔   وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا کہ  ڈسکہ کے ضمنی انتخابات میں  انتخابی ماحول خراب کرنے کی کوشش ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔ ن لیگ کے غیر متعلقہ افراد کی مداخلت اور شر انگیزی سے ماحول خراب ہوا۔ انہوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ملزمان کی فوری گرفتاری اور امن و امان کا قیام یقینی بنائے،  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے کہا فائرنگ کے واقعہ میں ملوث افراد کیخلاف مزید کارروائی کی جائے۔ قانون کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ملزمان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہو گی۔  مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ڈسکہ میں پولنگ سٹیشن پر گھنٹوں انتظار کے باوجود پولنگ سٹیشن کے دروازے نہیں کھولے گئے۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ووٹرز  کو بے وقوف بنایا گیا یہاں تک کہ پولنگ کا وقت ختم ہونے کے قریب پہنچ گیا جس پر ن لیگ کے کارکنوں کا صبر جواب دے گیا اور ن لیگ کے کارکنوں نے احتجاج کیا اور کارکن دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو گئے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اس صورتحال  پر شرم کرے۔ مریم نواز نے کہا کہ پولیس عوام کی ملازم ہے یا پی ٹی آئی کی؟۔ پولیس نے ڈسکہ کلاں پولنگ سٹیشن میں ووٹرز پر  بدترین لاٹھی چارج کیا۔ این اے 75 ڈسکہ کے 225 پولنگ سٹیشن سے رات گئے پی ٹی آئی کے امیدوار علی اسجد ملہی نے96 ہزار اور مسلم لیگ ن کی امیدوار سیدہ نوشین افتخار نے ایک لاکھ 5 ہزار دو ووٹ حاصل کئے۔  این اے 75 ڈسکہ میں ناخوشگوار واقعات کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا۔ الیکشن کمیشن نے 23 فروری کو اجلاس طلب کر لیا۔ اجلاس کی سربراہی چیف الیکشن کمشنر کریں گے۔ الیکشن کمیشن نے آئی جی پنجاب کو ذمہ داروں کی خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے آئی جی پنجاب سے تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی۔ پی پی 51 وزیر آباد کے ضمنی انتخاب میں 97 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق ن  لیگ کی بیگم طلعت شوکت 53 ہزار 903 ووٹ لیکر فاتح رہیں۔  تحریک انصاف کے چودھری محمد یوسف48448 ووٹ حاصل کر سکے این اے 45 ضلع کرم میں 110 پولنگ سٹیشنز کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق تحریک انصاف کے ملک فخر زمان 11 ہزار ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ آزاد امیدوار 9 ہزار 900 ووٹ لے کر پیچھے  تھے۔ خیبر پی کے کے حلقہ پی کے 63 نوشہرہ کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن نے میدان مار لیا۔ تمام پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے اختیار ولی 21 ہزار208 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے جبکہ ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے میاں محمد عمر 17 ہزار 97ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے گوجرانوالہ میں مبینہ طور پر دھاندلی کرنیوالے انسپکٹر عبیداللہ کو پکڑ کر رینجرز کے حوالے کر دیا۔  گوجرانوالہ میں پولیس کی کارروائیاں سیکرٹری انفارمیشن سابق کونسلر اور پولنگ ایجنٹ سمیت درجنوں لیگی کارکنان گرفتار سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل اور مرزی رہنما عطاء اللہ تارڑ کارکنان کو رہا کروانے آر او آفس  پہنچے۔ کارکنان نے پولیس کی انتقامی کارروائیوں کے خلاف شدید احتجاج کیا۔  پی پی 51 ضمنی انتخاب میں 58 سالہ معذور شخص نے محمد اختر نے بھی ووٹ کاسٹ کیا۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ محمود الرشید نے حلقہ پی پی 51 کی سوہدرہ پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا۔  پی پی 51 ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی اور ن لیگی کارکنان میں تصادم دونوں اطراف سے گھونسوں اور مکوں کا آزادانہ استعمال پولیس نے کارکنان میں بچ بچاؤ کروایا۔  پی پی 51 پولنگ سٹیشن میں ضلعی صدر تحریک انصاف اور سٹی صدر ویمن ونگ کا پولیس عملے کے ساتھ جھگڑا پی ٹی آئی قیادت کے اہلکاروں کو دھکے ضلع بدر کروانے کی دھمکی دے دی۔ پولیس کی بھاری نفری گوجرانوالہ میں ضلعی صدر مسلم لیگ ن مستنصر گوندل کے گھر کو رات گئے گھیرے میں لے لیا۔ پولیس رانا ثناء اﷲ کی گرفتاری کیلئے موجود رہی۔ قیدیوں کو لے جانے والی بڑی بسیں بھی وہاں پہنچا دی گئیں۔ الیکشن کمشن نے بیلٹ پیپر سے بھرے بیگ کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔ اعلامیہ کے مطابق میڈیا پر بیلٹ پیپر والے بیگ کی ویڈیو چلنے پر نوٹس لے لیا گیا۔ ریٹرننگ افسر کو بیلٹ پیپر بیگ کے معاملے پر سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی ہے۔ معاملے کی تحقیقات کا حکم دیدیا گیا۔ ریٹرننگ افسر کو معاملے پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن