• news

حسن علی نے جنوبی افریقہ کیخلا ف ٹیسٹ میچ میں ٹارگٹڈ بائولنگ سے کامیابی دلائی 

لاہور (حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) فاسٹ باؤلر حسن علی کی راولپنڈی میں جنوبی افریقہ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز فتح گر کارکردگی میں پینتالیس منٹ کی ٹارگٹڈ باؤلنگ پریکٹس نے اہم کردار ادا کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنڈی ٹیسٹ کے آخری روز ٹیم مینجمنٹ کی طرف پچ کو دیکھتے ہوئے حسن علی کو اہم ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ پچ پر مخصوص جگہ کی نشاندہی کے بعد نشانات لگا کر پریکٹس پچز پر حسن علی کو لگ بھگ پینتالیس منٹ تک ٹارگٹڈ باؤلنگ کروائی گئی۔ حسن علی نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز مہمان ٹیم کے پانچ بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ انہوں نے میچ کے بعد کہا تھا کہ ریورس سوئنگ کے باوجود جب تک اچھی جگہ پر گیند نہ کیا جائے وکٹیں نہیں ملتیں۔ فاسٹ باؤلر آخری دن کھیل  سے پہلے پینتالیس منٹ مکمل رن اپ اور رفتار کیساتھ باؤلنگ کرتے رہے۔ دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری دن  پانچ وکٹیں جبکہ میچ میں مجموعی طور پر دس وکٹیں حاصل کی تھیں۔ وین ڈر ڈسن‘ مارکرم‘ فاف ڈوپلیسی، کونٹن ڈی کاک اور جارج لنڈے کی وکٹیں حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن