ورلڈ کپ ،پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت سے سیکورٹی کی تحریری یقین دہانی مانگ لی
لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت سے سکیورٹی کی تحریری یقین دہانی کا مطالبہ کر دیا ہے۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ بھارت کرکٹرز، آفیشلز، اور شائقین کے ویزوں اور سکیورٹی کی یقین دہانی کرائے۔ یقین دہانی نہ کرائی گئی تو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ وینیو تبدیلی کا مطالبہ کریں گے، بھارت نے آئی سی سی کو دسمبر میں بتانا تھا، لیکن تاحال نہیں بتایا گیا، اگر گارنٹی نہ ملی تو یو اے ای میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا کہیں گے۔ ستمبر میں میری مدت مکمل ہو رہی ہے، اگر کام جاری رکھنے کا کہا گیا تو دیکھوں گا۔پاکستان واحد بورڈ ہے جس نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن مکمل کیا۔ دیگر ممالک نے اپنی سیریز ملتوی کیں، آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کی سیریز ملتوی کی جبکہ بھارت میں مالی فوائد کی وجہ سے سب جا رہے ہیں میں سمجھتا ہوں کہ بگ تھری ختم ہو گئی لیکن اس کا مائنڈ سیٹ تبدیل نہیں ہوا۔ آئی سی سی کو اپنی سوچ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، بھارت غلبہ حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے لیکن ہم پر نہیں کر سکتا کیونکہ پاکستان کی کرکٹ بھارت کے بغیر چلی ہے اور چلے گی۔